واشگٹن۔19جنوری (اے پی پی):نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری حلف برداری کل (پیر کو) ہوگی ، حلفبرداری کے دن کا آغاز سینٹ جان چرچ میں ایک دعائیہ تقریب سے ہوگا۔وال سٹریٹ جنرل کے مطابق مرکزی تقریب میں موسیقی کی پرفارمنس اور افتتاحی کلمات 9:30 پر شروع ہوں گے۔حلف برداری کی تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن بھی شرکت کریں گے۔
سابق صدور بل کلنٹن، جارج ڈبلیو بش اور باراک اوباما بھی تقریب حلف برداری کا حصّہ ہوں گے اور ان کی بیگمات بھی ان کے ہمراہ ہوں گی تاہم، مشیل اوباما نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حلف برداری کی تقریب میں بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں ٹیسلا، ایمازون اور میٹا کے مالکان بھی شرکت کریں گے۔
تقریب کی تمام تر منصوبہ بندی سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ ایلون مسک، جیف بیزوز اور مارک زکربرگ ریپبلکن کابینہ کے ارکان اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ موجود ہوں گے۔ واضح رہے کہ توریب حلف برداری میں سربراہانِ مملکت کو روایتی طور پر مدعو نہیں کیا جاتا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ غیرملکی رہنماؤں کو مدعو کیا ہے جن میں سے کچھ ان کی دائیں بازو کی سیاست میں شریک ہیں۔