اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ نو برس پہلے دشمن نے ہمارے مستقبل کی امیدوں پر وار کر کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قوم کے حوصلے پست کرنے کی ناکام کوشش کی لیکن اس المناک سانحے نے دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم و حوصلہ کو مزید تقویت دی۔ہفتہ کو 16 دسمبرسانحہ اے پی ایس پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور میں دہشت گردوں کی بربریت کا شکار ہونے والے معصوم بچوں کا غم کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔اس المناک سانحے نے دنیا بھر کے حساس دلوں کو غم زدہ اور ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا۔انہوں نے کہا کہ نو برس پہلے دشمن نے ہمارے مستقبل کی امیدوں پر وار کر کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قوم کے حوصلے پست کرنے کی ناکام کوشش کی لیکن اس المناک سانحے نے دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم و حوصلہ کو مزید تقویت دی۔
مجھ سمیت ساری قوم اپنے پھول سے بچوں کی اس عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔تمام اہلِ وطن ان قابل فخر شہید بچوں کے والدین کے ساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم وطن عزیز میں بدامنی پھیلانے والے دہشت گرد اور شرپسند عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیےاپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک میں امن و امان کی بحالی کے لئے ان کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔تمام قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہےاور اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔