نگران حکومت کی جانب سے معاشی اقدامات کے نتائج حوصلہ افزا ہیں،امید ہے جلد معاملات بہتر ہو جائیں گے، نعیم میر

نگران حکومت کی جانب سے معاشی اقدامات کے نتائج حوصلہ افزا ہیں،امید ہے جلد معاملات بہتر ہو جائیں گے، نعیم میر

لاہور۔12ستمبر (اے پی پی): نگران حکومت کی جانب سے معاشی اقدامات کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، امید ہے جلد معاشی معاملات بہتر ہو جائیں گے،ڈالر کی قیمت کی کمی کا کریڈٹ نگران حکومت اور پاک فوج کو جاتا ہے،بجلی اور گیس چوری میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھ سے نمٹنے کا سلسلہ جاری رکھا جانا چاہیے،تمام تاجر رہنما پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ان خیالات کا اظہار آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین سپریم کونسل نعیم میر،صدر لاہور شاہد نذیر،سہیل بٹ ودیگر قائدین نے منگل کے روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نعیم میر نے کہاکہ ہم تاجربرادری نگران حکومت اور پاک فوج کے ساتھ ہیں،مافیا نے ملک میں آٹے اور چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے مہنگائی پیدا کی،حکومت کی جانب سے اسمگلنگ مافیاز کے خلاف آپریشن قابل تعریف ہے۔

انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ چینی اور آٹا کی ملز حکومت کی تحویل میں دے دی جانی چاہئیں تاکہ ان مافیاز کو کنٹرول کر کے مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف عوام بھی اپنا کردار ادا کرے اور اس میں ملوث عناصر کی نشاندہی کر کے حکومت کے ساتھ تعاون کرے تاکہ ان عناصر کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے اور ملکی معاشی معاملات کو بہتر بنایا جا سکے۔

تاجر رہنما نے کہاکہ اگر چینی آٹا سستا ہو گا تو عوام کو ریلیف میسر آئے گا۔انہوں نے کہاکہ بجلی اور گیس چوری کے ساتھ آہنی ہاتھ سے نمٹنے کا سلسلسہ جاری رکھا جانا چاہیے،اسمگلرز اور کرنسی مافیا کہ جائیدادیں بھی ضبط کی جانے چاہیں،ڈالر کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث بنکوں کے خلاف بھی کارروائی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ سے پاکستان کو سالانہ اربوں روپے کانقصان ہو رہا ہے ،ایرانی تیل کی اسمگلنگ کی روک تھام،بجلی گیس چوری کے خاتمہ کے لیے اقدامات ،چینی آٹا اسمگلرز کے خلاف کریک ڈائون جیسے معاشی اقدامات حوصلہ افزا ہیں ،اگر نگران حکومت اچھے اقدامات کر رہی ہے تو ہمیں ان اقدامات کی تعریف کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے اس لیے بحیثیت قوم ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔