اسلام آباد ۔ 15 جون (اے پی پی) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر اہل اسلام کو بالعموم اور پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا، اللہ تعالیٰ ہماری عبادات قبول فرمائے۔ عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام …
نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کا عیدالفطر پر قوم کے نام پیغام
اسلام آباد ۔ 15 جون (اے پی پی) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر اہل اسلام کو بالعموم اور پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا، اللہ تعالیٰ ہماری عبادات قبول فرمائے۔ عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کا دن رمضان المبارک کے حوالے سے یوم تکمیل رحمت الٰہی اور یوم تشکر ہے۔ اللہ تعالیٰ کی بے پایاں نعمت و رحمت کا تقاضا ہے کہ ہم قادر مطلق کے احکامات کی روشنی میں اپنے روز و شب کو منور کریں کیونکہ یہی صراط مستقیم ہے جس پر چل کر ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، ماہ رمضان کی عبادات تقویٰ، ضبطِ نفس، ایثار اور قربانی جیسی خوبیوں کو مزید اجاگر کرتی ہیں، دینی اور دنیاوی کامیابی کےلئے یہ ضروری ہے کہ ہم پورا سال اسی جذبہ اور اسی طرزِ عمل کا مظاہرہ کریں تاکہ ہم اپنی زندگیوں کو اسلام کی تعلیمات کے مطابق صحیح معنوں میں ڈھال سکیں۔









