نگران وزیراعلی پنجاب سے لاہو رمیں مصنوعی بارش برسانے والی یو اے ای ٹیم کی ملاقات

132
Caretaker Chief Minister of Punjab
Caretaker Chief Minister of Punjab

لاہور۔17جنوری (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے لاہو رمیں مصنوعی بارش برسانے والی یو اے ای ٹیم کے اراکین نے وزیر اعلی آفس میں بدھ کو ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں متحدہ عرب امارات ا ین سی ایم ٹیم کے کلائوڈ سیڈنگ کے سربراہ احمد الکمال،پائلٹ کرنل عبیدحلاف، پائلٹ مائیکل اینسٹس، کلائوڈ سیڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ عبداللہ الحامان اور آرنلڈ ننگالہ اورورگلوٹولیڈولاٹو شامل تھے۔

ترجمان ایوان وزیر اعلی کے مطابق وزیراعلی محسن نقوی نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار لاہور میں مصنوعی بارش برسانے پر یو اے ای کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا او ران کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا ۔وزیراعلی محسن نقوی نے تمام اراکین کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور یادگاری شیلڈز دیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے کا کامیاب تجربہ لاہو رسمیت پورا پاکستان ہمیشہ یاد رکھے گا۔ گزشتہ12سال سے لاہور سمیت پنجاب میں مصنوعی بارش کے لئے کوششیں کی جارہی تھیں۔

لاہو رمیں ملکی تاریخ کی پہلی مصنوعی بارش برسانے پرپاکستان کا ہر شہری خوش اور پرجوش تھا۔ پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں لاہورکی پہلی مصنوعی بارش کو سراہا گیا۔ یو اے ای ٹیم کے اراکین کانام تاریخ کا حصہ بن چکاہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ دوبارہ مصنوعی بارش برسانے کے لئے بھی یو اے ای کی پوری ٹیم تیار تھی تاہم نہ مطلو بہ بادل آئے اور نہ ہی موسم نے ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے لاہور میں 2ماہ قیام کیا،یہ بھائی چارے اور ہمارے باہمی تعلقا ت کی اعلی مثال ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور بہتر پیداوار کے لئے مصنوعی بارش بہترین ٹیکنالوجی ہے۔

وزیراعلی محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو پرتپاک انداز میں وزیراعلی آفس سے رخصت کیا اور ایک بار پھر ان کاشکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری ماحولیات،چیف میٹرولوجسٹ، آرمی ایوی ایشن افسران، انوائرمنٹ پروٹیکشن حکام،ڈائریکٹر انوائرمنٹ پروٹیکشن، کمشنر لاہور او ردیگر حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔