اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف احمد عرفان اسلم سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے ملاقات کی۔ دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
یورپی یونین کی سفیر نے نگراں وزیر قانون کو وفاقی وزیرکا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق یورپی یونین کے سفیر نے پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس بارے اور تجارت و درآمدات کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمارپر تبادلہ خیال کیا ۔تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مجموعی تجارت میں 77 فیصد اور درآمدات میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
نگراں وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات اور جی ایس پی پلس سٹیٹس کو اہمیت دیتا ہے جو یورپی یونین نے پاکستان کو دیا ہے۔ ڈاکٹر رینا کیونکا نے یورپی گرین ڈیل کے بارے میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل پر بھی بات کی۔ یورپی یونین خود کو موسمیاتی تبدیلی کے قائد کے طور پر دیکھتی ہے،
معاہدے کا ہدف 2050 تک صفر کی جانب جانا ہے۔ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ دو بڑے شعبوں پر کام کر رہی ہے جن میں ترقیاتی تعاون اور پائیدار ترقی شامل ہے اور ترجیحی علاقے کے پی، بلوچستان اور جی بی ہیں۔ نگران وفاقی وزیر قانون نے یورپی یونین کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔