اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان سے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے صحت اینڈریو سٹیفن سن نے ملاقات کی۔
جمعرات کووزات صحت سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ڈاکٹر ندیم جان نے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے صحت کو پاکستان میں 10 اور 11 جنوری 2024 کو منعقد ہونے والی "گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ” میں شرکت کی دعوت دی اور ساتھ ہی اس تاریخی سمٹ کی مشترکہ میزبانی کی پیش کش بھی کی جس پر اینڈریو سٹیفن سن نے خوشی کا اظہار اور نگران وفاقی وزیر قومی صحت کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا ۔
نگران وفاقی وزیر قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے برطانوی حکومت کی جانب سے صحت کے مختلف شعبہ جات میں جاری تعاون پر شکریہ ادا کیا، برطانیہ کے وزیر مملکت برائے صحت نے نیوٹریشن کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو سراہا اورکہاکہ شعبہ صحت میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی جارہی ہیں تاکہ نہ صرف پاکستان بلکہ ایک محفوظ اور صحت مند دنیا کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج کو مضبوط بنانا،فارما پارک کا قیام ،500 بنیادی مراکز صحت کی قلیل مدت میں اپ گریڈیشن ہماری اولین ترجیح ہے ۔