نگراں وزیراعلیٰ سندھ کی انسپکٹر جنرل پولیس کو کچے کے علاقے میں اغوا برائے تاوان ، سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرنےکی ہدایت

109
کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی وخوشحالی کا دارومدار بہترین تدریسی نظام پر ہی منحصر ہے، نگران وزیراعلی سندھ
کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی وخوشحالی کا دارومدار بہترین تدریسی نظام پر ہی منحصر ہے، نگران وزیراعلی سندھ

کراچی۔ 30 دسمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے انسپکٹر جنرل پولیس کو کچے کے علاقے میں اغوا برائے تاوان اور کراچی میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی روک تھام کے حوالے سے واضح اور موثر اقدامات کرنےکی ہدایت دی۔جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی تھانے کی حدود میں کوئی جرم رونما ہوتا ہے تو متعلقہ تھانہ کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے ہفتہ کو انسپکٹر جنرل پولیس رفعت مختار اور ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم رند کی موجودگی میں وزیراعلیٰ ہائوس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی۔نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں بڑھتے ہوئے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ شہری خود کوسڑکوں اور کھلے مقامات پر محفوظ نہیں سمجھتے اور ان کا اعتماد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ختم ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے واضح ہدایت دی کہ جس کسی بھی تھانے کی حدود میں اگرکوئی سٹریٹ کرائم کا واقعہ رونما ہوتا ہے تو متعلقہ تھانہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔ جسٹس (ر)مقبول باقر نے کہا کہ میں نے پولیس کو مسلسل پٹرولنگ کی تاکید کی ہے لیکن ان ہدایات پر مکمل طور پر عمل نہیں کیا جارہا،جس پر آئی جی پولیس نے کہا کہ پولیس پٹرولنگ کے احکامات کی تعمیل کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں اور موبائلز کو وائرلیس سٹیشنوں سے لیس کیا گیا ہے اور تھانوں کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن کے کچے کے علاقے میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچے میں اس طرح کے گھناؤنے جرم کا بڑھنا ناقابلِ برداشت ہے ۔ انہوں نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ مغوی افراد کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنائیں اور ڈاکوؤں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھیں۔نگراں وزیراعلیٰ سندھ اور انسپکٹر جنرل پولیس نے جرائم میں ملوث عادی مجرموں کو ٹیگ کرنے کے حوالے سےبات چیت کی تاکہ ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جاسکے۔

یہ تجویز دی گئی تھی کہ مجرموں کو ان کے دوسرے یا تیسرے جرم میں ایک بریسلٹ پہنایا جائے گا۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے وہ ایک قانونی مسودہ تجویز کریں جس کوجائزہ کے بعد آرڈیننس کے ذریعے متعارف کرایا جا سکے۔نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے انسپکٹر جنرل پولیس کو صوبے میں امن و امان کی بہتر صورتحال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ عام انتخابات کا انعقاد خوشگوار ماحول میں کیاجا سکے۔