اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ نیا سال عوامی خدمت، فلاحی اقدامات اور سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کا سال ہوگا۔ نئے سال کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور اس کے ماتحت اداروں نے محروم اور مستحق …
نیا سال عوامی خدمت، فلاحی اقدامات اور سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کا سال ہوگا، سید عمران احمد شاہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ نیا سال عوامی خدمت، فلاحی اقدامات اور سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کا سال ہوگا۔ نئے سال کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور اس کے ماتحت اداروں نے محروم اور مستحق طبقات کی خدمت کے لیے مسلسل اور موثر کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی پی اے ایف، ٹی وی او، پاکستان بیت المال اور بی آئی ایس پی نے گزشتہ سال مستحقین کی معاونت اور فلاحی خدمات کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے خصوصی طور پر اس بات کو سراہا کہ ٹی وی او نے فلاحی و سماجی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آئندہ سال تمام صوبوں اور علاقوں ، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، بلوچستان، سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سہولیات اور سروسز کے جائزے کے لیے دورے کیے جائیں گے جہاں وزارت کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات کا جامع اور زمینی حقائق پر مبنی جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور جامعات میں مستفید ہونے والے مستحقین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے جبکہ سہولیت مراکز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے براہ راست مانیٹرنگ اور فیلڈ ریویو کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے ایم ڈی پاکستان بیت المال شاہین خالد بٹ کی انتظامی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان بیت المال عوامی خدمت کے مشنز کو موثر انداز میں آگے بڑھا رہا ہے۔
اسی طرح انہوں نے بی آئی ایس پی کے سیکرٹری امیر احمد علی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی کے پروگرام شفافیت اور نظم و ضبط کے ساتھ جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کی ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹس میں منتقل کرنے کا اقدام وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق ایک اہم اور جدید اصلاحاتی پیش رفت ہے جس سے شفاف، محفوظ اور باوقار مالی معاونت کو فروغ مل رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ رواں سال بھی عوامی فلاح کے تمام منصوبے شفافیت، خدمت کے جذبے اور سماجی ذمہ داری کے ساتھ جاری رہیں گے۔







