نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فیز ٹو کے ڈویژنل مقابلے اختتام پذیر، نواب شاہ میں انعامی تقریب

حیدرآباد۔ 09 فروری (اے پی پی):پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام اور پاکستان آرمی کے تعاون سے جاری نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام (فیز ٹو) کے ڈویژنل سطح کے مقابلوں کے اختتام پر بلاول اسپورٹس کمپلیکس نواب شاہ میں ایک پروقار انعامی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ ایم اصغر بلوچ اور شہید بینظیر آباد باکسنگ ایسوسی ایشن …

حیدرآباد۔ 09 فروری (اے پی پی):پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام اور پاکستان آرمی کے تعاون سے جاری نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام (فیز ٹو) کے ڈویژنل سطح کے مقابلوں کے اختتام پر بلاول اسپورٹس کمپلیکس نواب شاہ میں ایک پروقار انعامی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ ایم اصغر بلوچ اور شہید بینظیر آباد باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر خلیل اللہ بروہی نے کامیاب باکسرز میں میڈلز تقسیم کیے۔ اس موقع پر مہمانوں کو اجرک، لونگھی اور روایتی تحائف بھی پیش کیے گئے۔ تقریب میں ڈویژنل باکسنگ سیکرٹری اسحاق کمانڈو، ڈویژنل باکسنگ میڈیا کوآرڈینیٹر فہیم کمانڈو، آصف خان نواب شاہ، لیاقت علی آزاد سانگھڑ، سرور مغل ٹنڈوآدم سمیت دیگر شخصیات اور کھیلوں سے وابستہ افراد بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد نچلی سطح سے باصلاحیت نوجوان باکسرز کو سامنے لا کر انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا مشترکہ اقدام ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ تقریب میں شہید بینظیر آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لیا جبکہ شائقین کھیل کی بڑی تعداد نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ آخر میں منتظمین نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن، پاکستان آرمی، آفیشلز اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ایسے ایونٹس کے انعقاد سے ملک میں باکسنگ کے کھیل کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔