نیشنل فٹ بال لیگ پلے آف، زیک برنٹ کے فیصلہ کن گول نے بورہم وڈ کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا
نیشنل فٹ بال لیگ پلے آف، زیک برنٹ کے فیصلہ کن گول نے بورہم وڈ کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا

مزید خبریں
لندن۔30اپریل (اے پی پی):بورہم وڈ کی ٹیم نیشنل فٹ بال لیگ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ بی بی سی کے مطابق نیشنل فٹ بال لیگ کے اہم میچ میں بورہم وڈ کے زیک برنٹ نے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
زیک برنٹ نے میچ کے اضافی وقت (ایکسٹرا ٹائم) میں کیے گئے شاندار گول کی بدولت بورہم وڈ نے فارسٹ گرین کو انتہائی سخت مقابلے کے بعد 0-1گول سے شکست دے کر نیشنل لیگ پلے آف کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
میڈو پارک میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے کا فیصلہ مقررہ 90 منٹ میں نہ ہو سکا، جس کے بعد اضافی وقت کے پہلے حصے میں زیک برنٹ نے 12 گز کے فاصلے سے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
میچ کے دوران بورہم وڈ کا پلہ بھاری رہا، تاہم فارسٹ گرین کے گول کیپر ہیری ایسٹڈ نے کئی یقینی گول بچا کر اپنی ٹیم کو میچ میں برقرار رکھا۔
کھیل کے آٹھویں منٹ میں بورہم وڈ کا ایک گول فاؤل کی وجہ سے مسترد کر دیا گیا جبکہ سٹار اسٹرائیکر میٹ رش بھی گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کر بیٹھے۔
اس اہم فتح کے بعد اب بورہم وڈ کا مقابلہ سیمی فائنل میں کارلائل سے برنٹن پارک میں ہوگا۔








