نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ، سٹارز نے کانکرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا

88

راولپنڈی۔22دسمبر (اے پی پی):نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل میں سٹارز نے کانکرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ۔ کانکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، حفصہ خالد 47 رنز بنا کر نمایاں رہیں ، وحیدہ اختر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جواب میں سٹارز نے مطلوبہ ہدف 44 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، سدرہ امین نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا

انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے فائنل میں کانکرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے ، حفصہ خالد 47 ، دعا ماجد 40 ، سائرہ جبین 32 ، نجیہ علوی 23 اور کپتان فاطمہ ثناء 20 رنز بنا کر نمایاں رہیں ، سٹارز کی طرف سے وحیدہ اختر نے تین جبکہ رامین شمیم اور طوبیٰ حسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔جواب میں سٹارز نے مطلوبہ ہدف کپتان سدرہ امین کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 43.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا

سدرہ امین نے ایک چھکے اور گیارہ چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے ، رامین شمیم نے 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، کانکرز کی نشرہ سندھو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، سدرہ امین کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔