نیشنل ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں راولپنڈی، لاہور اور کوئٹہ نے اپنے میچز جیت لئے

71
National Women's T20 Tournament

راولپنڈی ۔29جنوری (اے پی پی):نیشنل ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں راولپنڈی نے ملتان ، لاہور نے کراچی اور کوئٹہ نے پشاور کو شکست دے دی ، راولپنڈی کی عالیہ ریاض نے شاندار سنچری اسکور کی ۔ گزشتہ روز شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈی نے ملتان کے خلاف 27 رنز سے فتح سمیٹی ، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے ، عالیہ ریاض نے طوفانی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 61 گیندوں پر 4 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 118 رنز بنائے ۔

ملتان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے ، گل فیروزہ نے 78 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، عالیہ ریاض کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ ایوب پارک گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور نے کراچی کو 4 رنز سے ہرا دیا ، لاہور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے ، بسمہ معروف 47 رنز بنا کر نمایاں رہیں ، فاطمہ ثنا اور عمیمہ سہیل نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی ، منیبہ علی 37 اور یسریٰ عامر 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں ، نشرہ سندھو نے 4 اور بسمہ معروف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، بسمہ معروف کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

ڈائمنڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں کوئٹہ نے پشاور کو 83 رنز سے شکست دے دی ، کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے ، فریحہ محمود نے 8 چوکوں کی مدد سے 56 اور طوبٰی حسن نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز اسکور کیے ۔ پشاور کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں محض 72 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی ، عائشہ عاصم اور طوبٰی حسن نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں ، طوبی حسن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔