نیشنل ٹی20 ٹورنامنٹ کا فائنل اسٹرائیکرز اور اسٹارز کے درمیان کھیلا جائے گا

نیشنل ویمنز ٹی20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے کھیلے گئے اہم میچ میں اسٹارز نے ناقابلِ شکست رہنے والی انونسیبلز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

لاہور۔23اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ویمنز ٹی20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے کھیلے گئے اہم میچ میں اسٹارز نے ناقابلِ شکست رہنے والی انونسیبلز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ صدف شمس کی ناقابلِ شکست نصف سنچری اور ارم جاوید کی 47 رنز کی اننگز کی بدولت اسٹارز نے141 رنز کا ہدف19.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ دوسری جانب اسٹرائیکرز نے کونکررز کو60 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل آٹھویں کامیابی حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل26 اکتوبر کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں نٹالیہ پرویز کی قیادت میں کھیلنے والی اسٹرائیکرز اور ٹوبا حسن کی زیرقیادت اسٹارز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسٹرائیکرز اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست ہیں اور مسلسل آٹھ فتوحات کے ساتھ فائنل میں پہنچی ہیں۔ بوہڑانوالی گرائونڈ فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں انونسیبلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر140 رنز بنائے۔ ایمن فاطمہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے63 گیندوں پر 85 رنز کی ناقابلِ شکست مزاحمتی اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ انہوں نے سیدہ عروب شاہ کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے115 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ عروب شاہ نے 32 گیندوں پر29 رنز بنائے، جبکہ سدرہ امین نے 10 گیندوں پر ناٹ آئوٹ12 اور شہربانو نے آٹھ گیندوں پر 11 رنز اسکور کیے۔ اسٹارز کی جانب سے ڈیانا بیگ نے دو وکٹیں 17 رنز کے عوض حاصل کیں، جبکہ کپتان ٹوبا حسن نے دو وکٹیں لے کر 21 رنز دیے۔141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسٹارز کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف ایک رن پر دو ابتدائی وکٹیں گر گئیں۔ تاہم صدف شمس اور ارم جاوید نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل صورتِ حال سے نکالا۔ صدف شمس نے 52 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست59 رنز بنائے، جبکہ ارم جاوید نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔

دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے76 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی کامیابی یقینی بنائی۔ اسٹارز نے ہدف19.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ صدف شمس کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس شکست کے نتیجے میں انونسیبلز آٹھ پوائنٹس کے باوجود نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر اسٹارز سے پیچھے رہتے ہوئے تیسری پوزیشن پر چلی گئیں اور فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں۔دوسری جانب جواد کلب گرائونڈ فیصل آباد میں اسٹرائیکرز نے کونکررز کو60 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی مسلسل آٹھویں فتح حاصل کی۔ اسٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر123 رنز بنائے۔ نازیحہ علوی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابلِ شکست63 رنز اسکور کیے، جبکہ اوما ئمہ سہیل نے36 رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان56 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔کونکررز کی جانب سے غلام فاطمہ نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 14 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم ہدف کے تعاقب میں کونکررز کی ٹیم دبائو برداشت نہ کرسکی اور14.1 اوورز میں63 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ روائل فرحان22 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ عالیہ ریاض نے13 رنز بنائے۔ اسٹرائیکرز کی جانب سے اوما ئمہ سہیل، نیلم مشتاق، تانیہ سعید اور رمین شمیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ نازیحہ علوی کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس طرح نیشنل ویمنز ٹی20 ٹورنامنٹ کا فائنل26 اکتوبر کو اسٹرائیکرز اور اسٹارز کے درمیان کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔

 

مزید خبریں