نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے قومی یوم استقامت کی مناسبت سے پروقار تقریب

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے قومی یوم استقامت کی مناسبت سے این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرمیں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔بدھ کو اس تقریب میں 8 اکتوبر 2005ء کے المناک زلزلے کی یاد تازہ کی گئی جس میں اس زلزلہ کے شہداء اور متاثرین کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر میں قدرتی اور انسانی ساختہ آفات سے متاثر ہونے والوں کو …

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے قومی یوم استقامت کی مناسبت سے این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرمیں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔بدھ کو اس تقریب میں 8 اکتوبر 2005ء کے المناک زلزلے کی یاد تازہ کی گئی جس میں اس زلزلہ کے شہداء اور متاثرین کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر میں قدرتی اور انسانی ساختہ آفات سے متاثر ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس تقریب میں آفات سے متاثرہ کمیونٹیز کے ساتھ قوم کی یکجہتی کی عکاسی کی اور مستقبل کے خطرات کے خلاف استقامت اور تیاری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

دونوں رہنمائوں نے پاکستانی عوام کی طاقت، حوصلے اور استقامت کا اعتراف کرتے ہوئے 2005ء کے زلزلے اور دیگر آفات کے شہداء اور متاثرین کو دلی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے رضاکاروں اور مسلح افواج کی جانیں بچانے اور آفات کے دوران کمیونٹیز کی مدد کرنے میں ان کی لگن اور قربانیوں کی بھی تعریف کی۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کوآرڈینیشن، منصوبہ بندی اور تکنیکی جدت طرازی کے ذریعے قدرتی آفات سے نمٹنے اور استقامت کے قومی وژن کو آگے بڑھانے میں این ڈی ایم اے کی قیادت کی تعریف کی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے پاکستان کا قومی استقامت کا وژن پیش کیا جس میں اتھارٹی کے رد عمل سے متعلق ڈیزاسٹر رسپانس سے فعال رسک مینجمنٹ کی تزویراتی تبدیلی پر زور دیا۔ انہوں نے این ڈی ایم اے کے مستقبل میں تباہی کے خطرات کو کم کرنے کے لیے قبل از وقت وارننگ کے نظام، کمیونٹی کی تیاری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے 2005ء کے زلزلے اور دیگر تمام قومی آفات کے شہداء اور متاثرین کو خراج تحسین پیش کیا، ان کی قربانیوں کو اتحاد اور تیاری کی اہمیت کی یاددہانی کے طور پر تسلیم کیا۔ انہوں نے رضاکاروں، انسانی ہمدردی کے لیے کام کرنے والے کارکنوں اور پاکستان کی مسلح افواج کے بے لوث عزم اور ہنگامی حالات کے دوران جان بچانے کی کوششوں کو سراہا۔

تقریب کا اختتام ایک محفوظ، پائیدار اور لچکدار پاکستان کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے اجتماعی عہد کے ساتھ کیا گیا اور مستقبل کی نسلوں کے تحفظ کے لیے قومی عزم کو مضبوط کرتے ہوئے کھو جانے والوں کی یاد کا احترام کیا گیا۔اس موقع پر 2005 کے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اوران کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔