پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی ہے،
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی گئی،ترجمان پی سی بی

مزید خبریں
لاہور۔6جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی ہے، جس کا مقصد قومی کرکٹرز کو میچ جیسے ماحول میں جدید طرز کی پریکٹس کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق یہ جدید بولنگ مشین بیٹرز کو بہتر تیاری کا موقع فراہم کرے گی۔ مشین کی فرنٹ سکرین پر بولر کی ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اینیمیشن دکھائی دیتی ہے، جس سے بیٹرز کو بولر کے ایکشن، ریلیز پوائنٹ اور ٹائمنگ کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔مشین میں لائن، لینتھ، رفتار، سوئنگ اور گیند کی ہائٹ کو ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ کوچز اور کھلاڑی انفرادی گیندیں، مکمل اوورز اور مختلف سپیلز محفوظ کر سکتے ہیں، جنہیں بعد میں میچ جیسی صورتحال پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے بتایا کہ ٹرو مین 3 جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی بولنگ مشین ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اسے استعمال کرنے والا دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روایتی بولنگ مشینوں میں بیٹرز کے لیے ریلیز پوائنٹ کو سمجھنا مشکل ہوتا ہے، جبکہ اس مشین میں بولر کی ویڈیو اور ایکشن کے ساتھ گیند آنے کی وجہ سے کھلاڑی زیادہ مثر انداز میں اپنی تیاری کر سکتے ہیں اور میچ جیسی صورتحال کا سامنا کرنے کے قابل بنتے ہیں۔قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ یہ مشین جدید کرکٹ کے چیلنجز سے نمٹنے میں کھلاڑیوں کی مدد کرے گی۔








