نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے 2026 کے پہلے ششماہی کے دوران 876,625 سے زائد مسافروں کو بروقت امداد فراہم

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے 2026 کے پہلے ششماہی کے دوران 876,625 سے زائد مسافروں کو بروقت امداد فراہم کی، 115 گمشدہ بچوں کو ان کے خاندانوں سے دوبارہ ملا دیا اور 54 مطلوب مجرموں کو گرفتار کیا۔

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے 2026 کے پہلے ششماہی کے دوران 876,625 سے زائد مسافروں کو بروقت امداد فراہم کی، 115 گمشدہ بچوں کو ان کے خاندانوں سے دوبارہ ملا دیا اور 54 مطلوب مجرموں کو گرفتار کیا۔این ایچ ایم پی کی1 جنوری سے 30 جون 2026 تک کے عرصے کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق این ایچ ایم پی نے ملک کے موٹروے اور قومی شاہراہوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے، بروقت عوامی امداد فراہم کرنے، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرانے، سڑک کی سلامتی کو فروغ دینے اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔فورس نے 26 طبی ہنگامی صورتوں کا فوری طور پر جواب دیا اور قیمتی جانیں بچانے میں مدد کی۔

این ایچ ایم پی کے افسران نے 39 گاڑیوں کی بروقت آگ بجھائی ،جس سے جانی نقصان اور املاک کے نقصان کو روکا گیا۔اس کے 130 ٹول فری ہیلپ لائن کے ذریعے این ایچ ایم پی نے 179,408 شہریوں کو رہنمائی فراہم کی، 123,256 سڑک استعمال کرنے والوں کو مختلف قسم کی امداد فراہم کی، 9,823 شہریوں کو ہنگامی امداد دی اور 42,111 عوامی شکایات کو بروقت حل کیا۔

رپورٹنگ کے عرصے کے دوران این ایچ ایم پی نے 15,679 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے، 43 کیٹیگری CE ڈرائیونگ لائسنس اور 528 انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹس جاری کئے۔ ملک بھر میں سڑک کی سلامتی کو فروغ دینے کے لیے این ایچ ایم پی نے 1,327 سڑک سلامتی آگاہی پروگرام منعقد کیے۔ 16.36 ملین (16,361,682)سے زیادہ مسافروں کو ٹول پلازوں پر سڑک سلامتی کی آگاہی دی گئی، جبکہ 2.27 ملین (2,275,043) سے زائد سڑک سلامتی پمفلٹس اور کتابچے ملک بھر میں تقسیم کیے گئے۔

، پیشہ ورانہ رویے اور عوامی اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے این ایچ ایم پی کے افسران نے گمشدہ قیمتی اشیاء مالکان کو واپس لوٹائیں، جن میں دو الگ الگ واقعات میں سونے کے زیورات، 13.617 ملین روپے مالیت کے سینکڑوں موبائل فونز، 23 بیگ اہم دستاویزات اور 31 بٹوے شامل ہیں۔این ایچ ایم پی نے 25 چوری شدہ گاڑیاں اور 22 غیر کسٹم پیڈ گاڑیاں بھی برآمد کیں اور انہیں متعلقہ حکام اور حقیقی مالکان کے حوالے کیا۔ اس کے علاوہ 115 گمشدہ بچوں کو ان کے والدین سے محفوظ طریقے سے ملا دیا گیا، جبکہ مختلف جرائم میں مطلوب 54 خطرناک مجرموں کو گرفتار کر کے متعلقہ ضلعی پولیس کے حوالے کیا گیا۔قومی شاہراہوں پر انفورسمنٹ آپریشنز کے دوران این ایچ ایم پی نے چار غیر قانونی ہتھیار، 35 گولیاں، تین میگزین، 21.22 گرام حشیش، 26 کلوگرام افیون، 21 کلوگرام کوکین، 2,420 لیٹر شراب، 400 کین الکوحل والے مشروبات، 60 ملین روپے مالیت کی غیر کسٹم پیڈ سگریٹیں، 1.5 ملین روپے مالیت کا سکمڈ ملک پاؤڈر اور 12 ملین روپے مالیت کا غیر کسٹم پیڈ کپڑا برآمد کیا۔

تمام برآمد شدہ اشیاء کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا گیا۔ اینٹی اسمگلنگ آپریشنز کے تحت این ایچ ایم پی نے 532 ٹن گندم اور آٹے کی اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنا دیا، جو بعد میں متعلقہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیئے گئے۔فورس نے 2,173 کلوگرام غیر صحت بخش گوشت بھی برآمد کیا، ملزمان کو گرفتار کیا اور انہیں متعلقہ فوڈ اتھارٹیز کے حوالے کیا۔ اس کے علاوہ 32 سمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائی گئیں اور تمام ملزمان کو متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا گیا۔موٹر وے پولیس کے مطابق 16,586 میٹر سے زائد چوری شدہ سڑک کنارے کی باڑ بھی برآمد کی اور ملزمان کو متعلقہ ضلعی پولیس کے حوالے کیا۔ اوور سپیڈنگ کے خلاف خصوصی مہم کے تحت این ایچ ایم پی نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 817 ایف آئی آر درج کیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ این ایچ ایم پی کی سوشل میڈیا ٹیم اور ایف ایم-95 روڈ سیفٹی ریڈیو سڑک استعمال کرنے والوں کو سڑک سلامتی، ٹریفک صورتحال اور سفری ہدایات سے آگاہ رکھنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ عوامی رابطے کو مضبوط بنانے اور شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے این ایچ ایم پی ماہانہ اوپن کورٹ (کھلی کچہری) بھی منعقد کرتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قومی شاہراہوں اور موٹرویے پولیس نے قانون کے غیر جانبدارانہ نفاذ کے ساتھ ساتھ عوام کو محفوظ، باوقار اور اعلیٰ معیار کے سفری خدمات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔این ایچ ایم پی پیشہ ورانہ رویے، دیانتداری اور بہترین کارکردگی کے ساتھ دن رات قوم کی خدمت کے لیے وقف ہے۔