نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے ’ ہماری آنکھیں بنیں ‘ مہم کا آغاز

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے ’ ہماری آنکھیں بنیں ‘ مہم کا آغاز

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے اور قومی شاہراہوں و موٹر ویز پر سفر کو محفوظ بنانے اور عوام کی شرکت کو فروغ دینے کے لیے ” ہماری آنکھیں بنیں” مہم کا آغاز کیا ہے۔اتوار کو ترجمان این ایچ ایم پی کے مطابق اس اقدام کے تحت شہری اپنے سفر کے دوران نظر آنے والی ٹریفک کی خلاف ورزیوں، خاص طور پر پبلک سروس گاڑیوں میں اوور لوڈنگ، مقررہ کرایوں سے زیادہ کرایہ کی وصولی، خطرناک یا لاپرواہی سے ڈرائیونگ اور دیگر خلاف ورزیوں کی فوری طور پر اطلاع دے سکتے ہیں۔

اس حوالہ سے شکایت کے اندراج کے عمل کو آسان بنایا گیا ہے۔ شہری اپنے موبائل فون کے ذریعے پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں پر چسپاں موٹروے پولیس کے اسٹیکرز پر دکھائے گئے QR کوڈ کو اسکین کر سکتے ہیں اور شکایات درج کرانے کے لیے متعلقہ پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔این ایچ ایم پی نے کہا کہ شہریوں کی بروقت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ ٹریفک کی خلاف ورزیوں کو روکنے، سڑک حادثات کو کم کرنے اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔موٹروے پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مہم کا حصہ بنیں اور محفوظ سفر، بہتر ٹریفک نظام اور ہائی ویز پر ٹریفک قوانین کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے میں مدد کے لیے ٹریفک کی خلاف ورزیوں کی فوری اطلاع دیں۔