نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سینئر قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ بھرپور انداز میں جاری

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سینئر قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ بھرپور انداز میں جاری ہے،جہاں قومی کھلاڑی ایف آئی ایچ پروہاکی لیگ کی تیاریوں کے سلسلہ میں سخت محنت کر رہے ہیں۔

لاہور۔16مئی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سینئر قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ بھرپور انداز میں جاری ہے،جہاں قومی کھلاڑی ایف آئی ایچ پروہاکی لیگ کی تیاریوں کے سلسلہ میں سخت محنت کر رہے ہیں۔کیمپ میں صبح اور شام کے سیشنز کے دوران کھلاڑیوں کو جدید ٹیکنیکل ڈرلز اور ہائی انٹینسٹی فٹنس ٹریننگ کروائی جا رہی ہے تاکہ انہیں عالمی معیار کے مقابلوں کے لئے مکمل طور پر تیار کیا جا سکے۔ترجمان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ماہر کوچز کی نگرانی میں کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس،رفتار اور باہمی ہم آہنگی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ کیمپ کا مقصد جدید ہاکی کے تقاضوں کے مطابق قومی ٹیم کی حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنا ہے۔پی ایچ ایف حکام کا کہنا ہے کہ قومی کھلاڑی جذبے اور عزم کے ساتھ ٹریننگ میں حصہ لے رہے ہیں اور پوری قوم کو امید ہے کہ گرین شرٹس عالمی میدانوں میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کریگی۔