نیویارک میں خسرے کی وبا ،گورنر نے ہنگامی حالت نافذ کردی

نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے ریاست میں خسرے کی وبا کے باعث ہنگامی حالت نافذ کر دی جو4 نومبر تک جاری رہے گی ، یہ 2025 میں خسرے کے کیسز میں اضافے کے بعد کسی امریکی ریاست کی جانب سے اس نوعیت کا پہلا اعلان ہے۔

واشنگٹن۔6اکتوبر (اے پی پی):نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے ریاست میں خسرے کی وبا کے باعث ہنگامی حالت نافذ کر دی جو 4 نومبر تک جاری رہے گی ، یہ 2025 میں خسرے کے کیسز میں اضافے کے بعد کسی امریکی ریاست کی جانب سے اس نوعیت کا پہلا اعلان ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ریاست نے خسرے کے کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر خسرہ، ممپس اور روبیلا (MMR) ویکسین لگانے کی اجازت رکھنے والے طبی ماہرین کی تعداد خاص طور پر دیہی علاقوں میں بڑھا دی ہے۔ گورنر کیتھی ہوکل نے گزشتہ روز بیان میں کہا ہے کہ کسی شخص کو ایسی بیماری سے شدید بیمار یا ہلاک نہیں ہونا چاہیے جس سے ویکسین کے ذریعے بچا ئو ممکن ہو۔ ریاستی حکام کے مطابق 3 اکتوبر تک نیویارک میں رواں سال خسرے کے 108 کیس رپورٹ ہوئے ، ان میں سے 92 کیس 15 جولائی کے بعد سامنے آئے اور یہ کیس کم ویکسی نیشن والے دیہی علاقوں کی 18 کاؤنٹیز میں پائے گئے جن میں 7 کیسز نیویارک سٹی میں اور 101 کیسز ریاست کے دیگر علاقوں سے رپورٹ ہوئے، 15 جولائی کے بعد دیہی علاقوں میں 1,000 سے زائد MMR ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

نیویارک کی ہمسایہ ریاست پنسلوانیا بھی خسرے کی تیزی سے پھیلتی وبا سے متاثر ہے، 2 اکتوبر تک پنسلوانیا میں خسرے کے 977 کیس اور 5 اموات رپورٹ ہوئیں جن میں زیادہ تر کیسز نیویارک سے متصل دیہی کاؤنٹیز میں سامنے آئے۔ پنسلوانیا کے محکمہ صحت نے بتایا کہ ریاست میں خسرے کے کیسز کی مجموعی تعداد 1,000 سے تجاوز کر گئی ہے جو تین دہائیوں سے زیادہ عرصے میں ریاست میں خسرے کی سب سے بڑی وبا ہے۔ امریکا مجموعی طور پر 1991 کے بعد خسرے کے بدترین سال سے گزر رہا ہے۔ امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC) کے مطابق ملک بھر میں خسرے کے تقریباً 3,900 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ نیویارک کے ہنگامی حکم کے تحت رجسٹرڈ نرسیں مشتبہ خسرے کے مریضوں کے لیے ٹیسٹ تجویز کر سکیں گی۔ فارماسسٹ دو سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کو MMR ویکسین دے سکیں گے۔ تمام MMR ویکسینیشنز کی معلومات 72 گھنٹوں کے اندر ریاستی یا نیویارک سٹی کے حفاظتی ٹیکوں کے رجسٹریز میں درج کرنا لازم ہوگا ،تاہم ویکسین لگوانے کے لیے مریض یا قانونی سرپرست کی رضامندی بدستور ضروری رہے گی۔

مزید خبریں