نیویارک میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان ہا ئوس میں قومی پرچم لہرایا گیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ سبز ہلالی پرچم لہرایا۔تقریب میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون، مشن اور قونصلیٹ کے افسران و اہلکاروں اور ان کے اہل …
نیویارک میں پاکستان کے 80 ویں یومِ آزادی کی تقریب، پاکستانی مندوب نے پاکستان کی عالمی ثالثی کی کوششوں کو اجاگر کیا

مزید خبریں
نیویارک ۔15اگست (اے پی پی):نیویارک میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان ہا ئوس میں قومی پرچم لہرایا گیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ سبز ہلالی پرچم لہرایا۔تقریب میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون، مشن اور قونصلیٹ کے افسران و اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے پاکستان کے بانی اصولوں، قومی خودمختاری، امن و سلامتی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے نئے عزم کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک غیر معمولی رہنما، دوراندیش اور مدبر قرار دیا، جنہوں نے نہ صرف آزادی کی جدوجہد کی قیادت کی بلکہ ایک خودمختار ریاست کے قیام کی رہنمائی بھی کی۔ قائداعظم کے سوانح نگار سٹینلے والپرٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت کم افراد تاریخ کا رخ بدلتے ہیں، اس سے بھی کم لوگ دنیا کا نقشہ تبدیل کرتے ہیں،بہت کم لوگوں کو کسی قومی ریاست کے قیام کا اعزاز حاصل ہوا ہے لیکن محمد علی جناح نے یہ تینوں کام انجام دیئے۔ 14 اگست 1947 سے پاکستان کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی عوام کی ثابت قدمی، بہادری اور مختلف شعبوں میں کامیابیوں کو اجاگر کیا، جو انتہائی مشکل حالات کے باوجود حاصل کی گئیں۔
انہوں نے ملکی دفاع اور عوام کے تحفظ پر پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ تنازع کے دوران پاکستان کی سرحدوں کے دفاع میں دکھائی گئی قوت کا بھی ذکر کیا۔ پاکستانی مندوب دنیا بھر میں پاکستانیوں کی کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا، جن میں موجد، کھلاڑی، فنکار اور خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے بالخصوص صائمہ سلیم اور علینہ مجید کی خدمات کو سراہا، جن کی مستقل مشن میں کاوشیں دوسروں کے لیے باعث تقلید ہیں۔ پاکستان کی عالمی ثالثی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک نے اہم ساختی اور معاشی مشکلات پر قابو پایا ہے اور مشکلات کے باوجود اپنی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیاہے۔
امریکا۔ ایران جنگ میں پاکستان کے ثالثی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ عالمی عدم استحکام اور تنازعات کے باوجود پاکستان امن اور استحکام کے راستے تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی آزادی اور حقوق کے لیے بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ پاکستانی مندوب نے دہشت گردی کے خلاف مسلسل کوششیں جاری رکھنے اور ملکی معاشی و ترقیاتی پیش رفت کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں شریک بچوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کا مستقبل ہیں اور سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ایسا ملک تشکیل دیا جائے جو ہمیشہ روشن رہے ۔
اختتامی کلمات میں پاکستانی مندوب نے تمام پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور اتحاد، ذمہ داری اور ان اصولوں سے وابستگی کی تجدید پر زور دیا جن پر پاکستان کی بنیاد رکھی گئی۔ اس موقع پر قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے بھی قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، تحریکِ پاکستان کے رہنمائوں اور کارکنوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور آزادی کے حصول کے لیے قربانیاں دینے والوں کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ایک ورثہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ذمہ داری بھی ہے اور قائداعظم کے اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کی آج بھی اہمیت براقرار ہے ۔ انہوں نے پاکستانی قوم کے عزم، اتحاد اور خودمختاری و قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ امن، مکالمے اور سفارت کاری کے لیے وابستگی کو اجاگر کیا۔
قونصل جنرل نے پاکستانی نژاد امریکی برادری کی بھی خصوصی تعریف کی، جو امریکا میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے اور ترسیلاتِ زر، سرمایہ کاری، فلاحی سرگرمیوں، علم اور مہارت کے ذریعے پاکستان کی مسلسل حمایت کر رہی ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کو پاکستان اور امریکا کے درمیان ایک اہم پل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی صرف جشن کا موقع نہیں بلکہ ایک پرامن، خوشحال، جامع اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے اجتماعی عزم کی تجدید کا بھی دن ہونا چاہیے، جہاں نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں اور پاکستان اقوامِ عالم میں وقار اور فخر کے ساتھ اپنا مقام برقرار رکھے۔
اس سے قبل مشن اور قونصلیٹ کے افسران ذوالفقار علی، عمر شیخ اور محمد فہیم نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ پرچم کشائی کی تقریب کی کارروائی قونصلر جواد اجمل نے انجام دی۔ تقریب کے اختتام پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، نائب مستقل مندوب عثمان جدون اور بچوں کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔







