کھٹمنڈو۔5نومبر (اے پی پی):نیپال کے ماؤنٹ یالونگ ری کو سر کرنے میں مصروف متعدد غیر ملکی کوہ پیما اپنے کیمپ پر برفانی تودہ گر جانے کے نتیجہ میں ہلاک ہو گئے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہو نے والوں میں اٹلی ، فرانس ، جرمنی اور کینیڈا کے شہری شامل ہیں جن میں پانچ غیر ملکی کوہ پیما اور دو نیپالی گائیڈ تھے۔ نیپال کے ڈولاکھا ضلع …
نیپال کے ماؤنٹ یالونگ ری کو سر کرنے کی کوشش میں متعدد غیر ملکی کوہ پیما کیمپ پر برفانی تودہ گر جانے سے ہلاک

مزید خبریں
کھٹمنڈو۔5نومبر (اے پی پی):نیپال کے ماؤنٹ یالونگ ری کو سر کرنے میں مصروف متعدد غیر ملکی کوہ پیما اپنے کیمپ پر برفانی تودہ گر جانے کے نتیجہ میں ہلاک ہو گئے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہو نے والوں میں اٹلی ، فرانس ، جرمنی اور کینیڈا کے شہری شامل ہیں جن میں پانچ غیر ملکی کوہ پیما اور دو نیپالی گائیڈ تھے۔ نیپال کے ڈولاکھا ضلع کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گیان کمار مہتو نے بتایا کہ کم از کم 16 لوگ 5,630 میٹر (18,471–فٹ) پہاڑ ی چوٹی پر چڑھ رہے تھے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے کے قریب برفانی تودہ بیس کیمپ سے ٹکرا گیا۔
گیان کمار مہتو نے بتایا کہ کوہ پیماؤں میں سے دو کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور امدادی کارکن باقی پانچ لاشوں تک پہنچنے کے لیے برف کی کھدائی کر رہے ہیں۔ برفانی تودہ گرنے سے8افراد زخمی ہوئے۔ نیپال میں گزشتہ ہفتے سے موسم خراب ہو رہا ہے، پہاڑوں پر برفانی طوفان کی اطلاع ہے ۔ تلاش اور امدادی ٹیموں نے کوہ پیماؤں تک پہنچنے کے لیے ایک گھنٹے طویل آپریشن کیا لیکن موسمی حالات، اونچائی اور دشوار گزار علاقے نے ان کی کوششوں کو پیچیدہ بنا دیا۔مقامی پولیس کے مطابق علاقے میں آکسیجن کا بھی مسئلہ ہے اور صرف تربیت یافتہ لوگ جو پہاڑی علاقوں میں رہتے ہیں وہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔ اسی لیے ہم مقامی کوہ پیماؤں اور گائیڈز کے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں۔ موسم بھی ایک چیلنج ہے، یہ مسلسل بدل رہا ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے میں 54 سالہ فرانسیسی کوہ پیما ازابیل سولانگے تھاون بھی شامل ہیں جونیپالی دارالحکومت کھٹمنڈو کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں ان کے شوہر کرسچن مینفریڈ ہلاک ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا کے 14 بلند ترین پہاڑی چوٹیوں میں سے 8 نیپال میں ہیں جن میں دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹی مائونٹ ایورسٹ بھی شامل ہے۔ ایک الگ واقعے میں، نیپال کے مغربی علاقے مناسلو میں 6,887 میٹر (22,595 فٹ) ماؤنٹ پنباری پر تلاش اور امدادی کارروائیوں کے دوران منگل کو دو اطالوی کوہ پیماؤں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
29 اکتوبر کو تین اطالوی کوہ پیماؤں کے رابطہ منقطع ہونے کے بعد پہاڑ پر لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ گورکھا راج کمار شریستھا نے بتایا کہ کوہ پیماؤں میں سے ایک کو اتوار کو بیس کیمپ سے ریسکیوگیا تھا۔شریستھا نے بتایا کہ دیگر دو کی لاشیں، جن کی شناخت سٹیفانو فاروناٹو (51) اور 28 سالہ الیسنڈرو کیپوٹو کے طور پر ہوئی ہے، منگل کو کیمپ ون میں برف میں دبی ہوئی پائی گئیں۔








