لیسکو کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی کا بلنگ سسٹم نیپرا کے سولر صارفین ریگولیشنز 2026 کے مطابق مکمل طور پر ہم آہنگ اور فعال ہے۔
نیپرا کے سولر صارفین ریگولیشنز 2026 کے مطابق بلنگ سسٹم پر مکمل عملدرآمد فعال ہے ، ترجمان لیسکو

مزید خبریں
لاہور۔9جون (اے پی پی):لیسکو کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی کا بلنگ سسٹم نیپرا کے سولر صارفین ریگولیشنز 2026 کے مطابق مکمل طور پر ہم آہنگ اور فعال ہے۔ یہ قواعد و ضوابط فروری اور اپریل 2026 کی ترامیم کے تحت نافذ ہیں، جن کے مطابق صارفین کی بلنگ اور سولر انرجی اکائونٹنگ کا عمل شفاف اور قانونی تقاضوں کے مطابق جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق وہ تمام صارفین جن کے نیٹ میٹرنگ معاہدے 8 فروری 2026 سے قبل نافذ ہوئے تھے، وہ معاہدے کی مدت مکمل ہونے تک سابقہ نیٹ میٹرنگ پالیسی کے تحت تمام سہولیات اور فوائد حاصل کرتے رہیں گے، اور ان کے حقوق میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ 8 فروری 2026 کے بعد نئی درخواستوں یا معاہدہ مکمل کرنے والے صارفین پر نیٹ بلنگ کا نظام لاگو ہوگا، جس کا مقصد توانائی کے شعبے میں شفافیت اور بہتر انتظام کو یقینی بنانا ہے۔
صارفین کو سہولت فراہم کرتے ہوئے لیسکو نے کہا ہے کہ وہ اپنے معاہدے کی نوعیت یا اسٹیٹس کے بارے میں معلومات MIRAD یا متعلقہ سب ڈویژن آفس سے حاصل کر سکتے ہیں۔ دریں اثنا چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ لیسکو نیپرا کی تمام پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف بلنگ، درست معلومات کی فراہمی اور ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے متعلقہ لیسکو دفاتر یا سرکاری ذرائع سے رہنمائی حاصل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔







