فیصل آباد ۔ 04 جولائی (اے پی پی):واسا فیصل آباد نے مون سون کنٹرول سیل کیلئے فری ہیلپ لائن قائم کرتے ہوئے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی شکایت کے سلسلہ میں فری ہیلپ لائن 1334 پررابطہ کرسکتے ہیں جہاں شکایت موصول ہونے پر مختصر وقت میں اس کے ازالے کیلئے اقدامات شروع کردئیے جائیں گے۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے اے پی پی کو بتایا کہ اس بار محکمہ موسمیات اور نیشنل و پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سنٹر نے معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے لہٰذامون سون کی بارشوں کے دوران شہر بھر میں قائم 9 ایمرجنسی ریلیف کیمپس کی کڑی مانیٹرنگ کرنے کا حکم جاری کیاگیاہے۔
ایم ڈی واسا نے بتایا کہ واسا کے ایمرجنسی ریلیف کیمپس پر سٹاف24گھنٹے دستیاب ہو گا جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے فرائض پوری ذمہ داری سے انجام دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ تمام 9 ایمرجنسی ریلیف کیمپس 15 ستمبر تک مکمل فعال رہیں گے اور شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ ایم ڈی واسا عامر عزیز نے واضح کیا کہ واسا فیصل آباد شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی شکایات کے فوری طور پر حل کیلئے ہمہ تن کوشاں ہے جس کیلئے تمام آپریشنز افسران اور سٹاف فیلڈ میں متحرک اور مستعد ہیں جبکہ تمام مشینری بھی آپریشنل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واسا انتظامیہ کی جانب سے فراہمی و نکاسی آب کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مون سون سیزن میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کیلئے پیشگی اقدامات کے تحت سیوریج لائنوں اور ڈرینج نالوں کی صفائی مہم اور ڈی سلٹنگ کا عمل مسلسل جاری ہے جس کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔