وافر مقدار میں پانی کی ملاوٹ و گرانفروشی پر 6 دودھ فروش گرفتار،دکانیں سیل

ضلعی انتظامیہ پشاور نے محکمہ لائیوسٹاک کے ہمراہ دلہ زاک روڈ پر دودھ کا لائیو سٹاک کی جدید موبائل لیبارٹری کے ذریعے معائنہ کیا

پشاور۔ 25 اگست (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ پشاور نے محکمہ لائیوسٹاک کے ہمراہ دلہ زاک روڈ پر دودھ کا لائیو سٹاک کی جدید موبائل لیبارٹری کے ذریعے معائنہ کیا۔ منگل کو ڈپٹی کمشنر پشاور کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق معائنے کے دوران دودھ میں وافر مقدار میں پانی کی ملاوٹ اور گرانفروشی پر دکانوں کو سیل کر کے 6 دودھ فروشوں کو گرفتارکر لیا گیا جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناءاللہ خان کے مطابق پشاور میں ضلعی انتظامیہ متحرک ہے اورباقاعدگی سے دودھ کا معائنہ کیا جا تا ہے۔ انہوں نے انتظامی افسران کو اپنے علاقوں میں دکانوں میں دودھ کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور ملاوٹ ثابت ہونے پر قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔