فیصل ممتاز راٹھور: امام حسینؑ کی قربانی اسلام کی سربلندی اور ظلم کے خاتمے کی روشن مثال ہے
واقعہ کربلا ہمیں حق و انصاف کے لیے ہر قربانی دینے کا درس دیتا ہے، فیصل ممتاز راٹھور
مظفر آباد ۔25جون (اے پی پی):وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؑ اور ان کے اہل بیت کی عظیم قربانی اسلام کی سربلندی،شریعت محمدی کی بقاء عدل کے قیام اور ظلم و جبر کے خاتمے کی روشن مثال ہے۔
یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ نے ایک فاسق ،فاجر اور ظالم حکمران کی بیعت نہ کر کے میدان کربلا میں حق، سچائی اور قربانی کا ایسا کردار پیش کیا جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعل راہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں ظلم کے سامنے نہ جھکنے، اصولوں پر قائم رہنے اور حق و انصاف کے لیے ہر قربانی دینے کا درس دیتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے حصول اور حق خودارادیت کی جدوجہد کو ہر سطح پر جاری رکھے گی اور شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حسینیت تاابد زندہ رہے گی اور یزیدیت زوال پذیر رہے گی۔









