اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ والدین اولاد کیلئے قدرت کا انمول تحفہ ہیں، ماں باپ کی خدمت و اطاعت میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے، بچوں کی پرورش، صحت، تعلیم و تربیت اور کردار سازی میں والدین مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔
ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے عالمی یوم والدین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اولاد کے لیے ماں باپ کی بے لوث محبت اور خلوص کا کوئی نعم البدل نہیں، ہمارا مذہب ماں باپ کے احترام اور فرمانبرداری کی تلقین کرتا، ماں باپ کی خدمت و اطاعت میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے،
عالمی یوم والدین منانے کا مقصد اولاد کیلئے والدین کی قربانیوں، انتھک محنت اور بے لوث محبت اور خلوص کو اجاگر اور تسلیم کرنا ہے، آج ہم جس مقام پر ہیں والدین کی قربانیوں اور دعاؤں کی بدولت ہیں، یکم جون ہی نہیں بلکہ سال کا ہر دن والدین کا دن ہے، آج کا دن ہمیں والدین کی بے لوث محبت ،قربانیوں اور محنت کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔