لاہور۔20نومبر (اے پی پی):والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے ملتان میں واقع صوفی بزرگ سید موسی پاک کے مزار کی مرمت و بحالی کے لئے کام کیا جا رہا ہے، جو30 جون 2025 تک مکمل ہوگا۔ترجمان کے مطابق مرمت و بحالی منصوبہ کی یہ کوشش محکمہ اوقاف کے تعاون سے کی جا رہی ہے، جس نے اس اقدام کے لیے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو منتخب کیا ، منصوبے پر70.39 ملین روپے لاگت آئے گی۔ سید موسی پاک کے مزار میں تین عمارتیں مسجد، مزار اور مسافر خانہ شامل ہیں،مسجد اور مزار کی موجودہ عمارتوں کو محفوظ کیا جائے گاجبکہ مسافر خانہ اس منصوبے کے تحت تعمیر کیا جائے گا۔
منصوبے میں مسجد اور مزار کی ساختی مضبوطی، فرش کی بحالی اور نیلی کاشی کی ٹائلوں کی تجدید کی جائے گی، مسجد کے بیرونی حصے میں بھی ٹائل ورک اور روشنی کا انتظام کیا جائے گا تاکہ زائرین کو سہولت ملے۔اسی طرح وضو کی جگہ اور فرش کے نکاسی کے کام کو بہتر کیا جائے گا، مزار اور اس کے اردگرد بجلی کے نظام کی بہتری پر بھی کام کیا جائے گا۔اس حوالے سے ڈائریکٹر کنزرویشن نجم الثاقب کا کہنا ہے کہ ملتان کا شہر تاریخی اہمیت رکھتا ہے، جو تجارت اور صوفی ورثے کا مرکز رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانوی دور کے کئی تاریخی ڈھانچے تباہی کا شکار اور بحالی کے منتظر ہیں، موسی پاک مزار کا منصوبہ اس مقصد کی طرف ایک اہم قدم ہے،
جس سے زائرین کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں سہولت میسر ہوگی۔ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری نے کہالاہور سے باہر قومی ورثے کی حفاظت کے لیے ہمارے پر عزم اظہار سید موسی پاک کے مزار کی مرمت و بحالی منصوبہ سے بخوبی آشکارہ ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ صوفی بزرگوں اور ان کے مزارات کو ہماری ثقافتی وراثت کے اہم عناصر تسلیم کرتے ہوئے ہم اس منصوبے میں بھرپور محنت کر رہے اور محکمہ اوقاف کے قیمتی تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔