وبا پھیل گئی تو اس پر قابو پانا مشکل ہو گا،فوری طور پر ملک بھر میں دفعہ 144نافذ کرنا چاہیے،کورونا ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر عطاءالرحمان

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):کورونا ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر عطاءالرحمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر پہلے کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہے، وبا پھیل گئی تو اس پر قابو پانا مشکل ہو گا اسلئے حکومت اور اپوزیشن کو سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر وائرس کا مقابلہ کرنا چاہیے، وبا کے پھیلائوکو روکنے کیلئے فوری طور پر ملک بھر میں دفعہ 144 …

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):کورونا ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر عطاءالرحمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر پہلے کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہے، وبا پھیل گئی تو اس پر قابو پانا مشکل ہو گا اسلئے حکومت اور اپوزیشن کو سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر وائرس کا مقابلہ کرنا چاہیے، وبا کے پھیلائوکو روکنے کیلئے فوری طور پر ملک بھر میں دفعہ 144 نافذ کیا جائے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ میں ویکسین ابھی کلینیکل ٹرائل میں ہے، تحقیق کی جا رہی ہے کہ ایک شخص کو ویکسین کتنی بار لگے گی، حکومت نے ویکسین کیلئے فنڈز مختص کر دیئے ہیں لیکن پاکستان میں ویکسین آنے میں ابھی چار سے چھ ماہ لگ سکتے ہیں کیونکہ ترقی یافتہ ممالک نے بڑے پیمانے پر ایڈوانس بکنگ کی ہوئی ہے۔ ڈاکٹر عطاءالرحمان نے کہا کہ پاکستان میں چینی کمپنیوں کے کلینیکل ٹرائلز کامیابی کے ساتھ جاری ہیں، چینی کمپنی کی ویکسین فائدہ مند ہوں گی، امید ہے کہ وہ سستے داموں پاکستان کو دستیاب ہو سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر کے دوران لوگ احتیاط کر رہے تھے لیکن ابھی عوام میں جو رحجان دیکھا جا رہا ہے وہ خطرناک ہے، اگر عوام نے احتیاط نہ کی تو ہمیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ چیئرمین کورونا ٹاسک فورس نے کہا کہ مکمل لاک ڈاﺅن سے دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کے لوگوں کا روزگار متاثر ہو گا، اسلئے لوگوں کو چاہیے کہ ماسک پہنیں، سماجی فاصلے کا خیال رکھیں اور کثرت کے ساتھ ہاتھ دھوئیں، اسی طرح اپوزیشن جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ جلسے جلوس فوری طور پر ختم کر دیں۔