ورثے کے تحفظ اور سیاحوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کےلئے جدت اپنا رہے ہیں،جی ڈی اے

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) نے کہا ہے کہ وہ اپنے ورثے کے تحفظ، ادارہ جاتی کارکردگی میں اضافے اور سیاحوں و متعلقہ فریقین کو بہتر خدمات کی فراہمی کےلئے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل جدت کو اپنا رہی ہے

ایبٹ آباد۔ 11 ستمبر (اے پی پی):گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) نے کہا ہے کہ وہ اپنے ورثے کے تحفظ، ادارہ جاتی کارکردگی میں اضافے اور سیاحوں و متعلقہ فریقین کو بہتر خدمات کی فراہمی کےلئے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل جدت کو اپنا رہی ہے۔ جی ڈی اے کی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق وہ اپنی ڈیجیٹل تبدیلی کی کوششوں کے تحت دہائیوں پرانے سرکاری ریکارڈ کو ڈیجیٹل شکل دے رہی ہے تاکہ تاریخی اور انتظامی دستاویزات کو آسانی سے تلاش اور ان تک رسائی حاصل کی جا سکے اور انہیں محفوظ طریقہ سے منظم رکھا جا سکے، یہ مستقبل پر مبنی اقدام جدید، موثر اور ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیٹا مینجمنٹ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جی ڈی اے گو گلیات متعارف کروا رہی ہے، یہ ایک خصوصی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جسے سیاحوں کو گلیات کے دلکش حسن کا بہترین اور جامع تجربہ فراہم کرنے کےلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس ایپلی کیشن کے ذریعے سیاح ایک ہی مربوط پلیٹ فارم سے سیاحتی مقامات کی سیر کر سکتے ہیں، ہوٹل تلاش اور بُک کر سکتے ہیں، ہنگامی خدمات اور قریبی فیول سٹیشنوں کا پتہ لگا سکتے ہیں اور اہم معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ جدت، ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار سیاحت کے اقدامات کے ذریعے جی ڈی اے گلیات کے قدرتی حسن اور شاندار ورثے کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ اس خطے کو مستقبل کےلئے زیادہ ”سمارٹ، قابلِ رسائی اور سیاحوں کےلئے زیادہ سازگار“ بنانے کےلئے کوشاں ہے۔

مزید خبریں