ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن نے پاکستان کو عالمی سیاحتی رہنمائوں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کے ساتھ روابط بڑھانے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے، سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن (ڈبلیو ٹی ایم )پاکستان کو عالمی سیاحتی رہنمائوں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کے ساتھ روابط بڑھانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے، ہماری شرکت کا مقصد پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنا، اس کی بے مثال قدرتی خوبصورتی کو دنیا تک پہنچانا اور بین الاقوامی سطح پر کامیاب …

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن (ڈبلیو ٹی ایم )پاکستان کو عالمی سیاحتی رہنمائوں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کے ساتھ روابط بڑھانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے، ہماری شرکت کا مقصد پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنا، اس کی بے مثال قدرتی خوبصورتی کو دنیا تک پہنچانا اور بین الاقوامی سطح پر کامیاب سیاحتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی اور معتبر بین الاقوامی سیاحتی نمائش ورلڈ ٹریول مارکیٹ 2025کے موقع پر کیا جس کا آغاز منگل کو ایکسل ایگزیبیشن سینٹر لندن میں ہوا۔ پاکستان نے ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن میں اپنی بھرپور موجودگی اور متاثر کن شرکت کے ذریعے عالمی سطح پر نمایاں تاثر قائم کیا۔ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے ڈبلیو ٹی ایم میں گلگت بلتستان ٹورازم ڈویلپمنٹ (جی بی ٹی ڈی)، سندھ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (ایس ٹی ڈی سی)، ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) اور نجی شعبے کے شراکت داروں کے تعاون سے شرکت کی۔

اس شرکت کا مقصد پاکستان کی متنوع سیاحتی استعداد کو اجاگر کرنا اور عالمی سیاحتی منڈیوں میں اس کی نمایاں موجودگی کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ پاکستان پویلین کا افتتاح ایک روایتی اور پرجوش تقریب میں کیا گیا ،جس میں اعلیٰ حکومتی شخصیات، سیاحت کے ماہرین اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ 32 رکنی پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان کر رہے ہیں جبکہ وفد میں وزیر برائے ثقافت، سیاحت و آثار قدیمہ حکومت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ، وزیر برائے سیاحت، کھیل و ثقافت گلگت بلتستان غلام محمد، صوبائی سیاحتی اداروں کے سینئر حکام اور نجی شعبے کی معروف ٹورازم اور ہاسپٹیلٹی کمپنیوں کے نمائندے بھی وفد میں شریک ہیں۔

ڈبلیو ٹی ایم لندن کو عالمی سطح پر سیاحت اور سفری صنعت کا مرکز تسلیم کیا جاتا ہے جہاں 180 سے زائد ممالک شرکت کرتے ہیں اور ہزاروں نمائش کنندگان، خریدار، سرمایہ کار اور بین الاقوامی میڈیا موجود ہوتا ہے۔ یہ ایونٹ پاکستان کے لیے اپنی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثے، ایڈونچر ٹورازم اور مہمان نوازی کو دنیا بھر کے سامنے پیش کرنے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ ڈبلیو ٹی ایم لندن دنیا کا ایک اہم ترین سیاحتی ایونٹ ہے،صوبائی اداروں اور نجی شعبے کے تعاون سے پاکستان کو عالمی سیاحتی نقشے پر مضبوط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے،اس مشترکہ کوشش کے ذریعے ہمارا مقصد پاکستان کی برانڈ امیج کو بہتر بنانا اور سیاحت کے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

نمائش کے دوران پاکستانی وفد عالمی سیاحتی ماہرین کے ساتھ بی ٹو بی میٹنگز، نیٹ ورکنگ سیشنز اور میڈیا انٹریکشنز کے ذریعے نئے مواقع اور شراکت داریوں کو فروغ دے رہا ہے۔ پاکستان پویلین میں دلکش تصاویر، ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز اور معلوماتی تشہیری مواد رکھا گیا ہے جو پاکستان کی ثقافتی اور ایڈونچر سیاحت کو بھرپور انداز میں پیش کرتا ہے۔عالمی سطح پر اہم سرکاری سیاحتی ایونٹس جیسے ڈبلیو ٹی ایم لندن میں پاکستان کی مستقل شرکت اس کی بین الاقوامی شناخت کو مزید مضبوط بنا رہی ہے اور ملک کو ایک ابھرتے ہوئے سیاحتی مقام کے طور پر نمایاں کر رہی ہے۔

یہ اقدامات پاکستان میں سیاحت کے فروغ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول اور پائیدار ترقی کے عمل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈبلیو ٹی ایم لندن 2025 میں پاکستان کی شرکت اس عزم کا اعادہ ہے کہ پاکستان عالمی سیاحت کے فروغ، سرحد پار تعاون اور دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کے خیر مقدم کے لیے پُرعزم ہے تاکہ وہ پاکستان کی بے مثال خوبصورتی اور مہمان نوازی کا تجربہ کر سکیں۔