اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے اجمیر شریف کے لیے تیار پاکستانی زائرین کو بھارت کی طرف سے ویزے جاری نہ ہونے پر لاہور پہنچنے سے روک دیا ۔ جمعرات کو وزارت کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اجمیر شریف کے زائرین نے پروگرام کے مطابق جمعہ کو لاہور پہنچنا تھا تاہم بھارت کی طرف سے تمام زائرین ویزوں کے منتظر ہیں ۔ پاکستانی زائرین نے اجمیر شریف جانے کیلئے 13 جنوری کو بھارت روانہ ہونا تھا۔انڈین ہائی کمیشن نے ابھی تک زائرین کے ویزوں سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی۔
وزارت نے تمام زائرین کو ہدایت کی ہے کہ نئی اطلاع ملنے تک لاہور کا سفر نہ کریں۔ واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے مذہبی سیاحتی وفود 1974 کے معاہدے کے تحت سفر کرتے ہیں، معاہدے کے تحت ہر سال سینکڑوں ہندو اور سکھ یاتری پاکستان میں اپنے مذہبی مقامات کی یاترا کرتے ہیں ۔پاکستانی زائرین انڈیا میں بزرگان دین سے منسوب چھ خانقاہوں پر حاضری دیتے ہیں ۔