وزارت ہائوسنگ و ورکس سے کرایہ داری سیلنگ میں 85 فیصد اضافہ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی حکومت نے اپنے ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری کا اعلان کر دیا، وزارت ہائوسنگ و ورکس نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کرایہ داری سیلنگ میں 85 فیصد اضافہ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، یہ اضافہ یکم نومبر 2025ء سے نافذ العمل ہوگا۔وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے ترجمان کے مطابق وزارت کے مطابق رہائشی مکانات کے حصول کے لیے نئی کرایہ داری …

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی حکومت نے اپنے ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری کا اعلان کر دیا، وزارت ہائوسنگ و ورکس نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کرایہ داری سیلنگ میں 85 فیصد اضافہ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، یہ اضافہ یکم نومبر 2025ء سے نافذ العمل ہوگا۔وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے ترجمان کے مطابق وزارت کے مطابق رہائشی مکانات کے حصول کے لیے نئی کرایہ داری سیلنگ کی شرحیں فنانس ڈویژن سے مشاورت کے بعد مقرر کی گئی ہیں۔

اس سے قبل آخری بار کرایہ داری سیلنگ میں اضافہ 28 ستمبر 2021ء کو کیا گیا تھا۔ اس بار وفاقی حکومت کے تمام ملازمین، گریڈ بی ایس-1 سے بی ایس-22 تک، کے لیے مجموعی طور پر 85 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔وزارت ہائوسنگ و ورکس کے مطابق رہائشی مکانات کی فراہمی، قبضہ، حصول اور کرایہ پر لینے کے امور رولز آف بزنس 1973ء کے شیڈیول II، رول 3(3)، سیریل نمبر 14 کے تحت انجام دیئے جاتے ہیں۔

یہ عمل اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے چھ بڑے شہروں میں جاری ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چند برسوں میں کرایوں میں نمایاں اضافے اور شہری آبادی کے بڑھتے دبائو کے باعث سرکاری ملازمین کے لیے مناسب رہائش کا حصول مشکل ہو چکا تھا۔ اس تناظر میں کرایہ داری سیلنگ میں اضافہ ناگزیر تھا۔

وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ و ورکس میاں ریاض حسین پیر زادہ نے اس اہم فیصلے پر تمام وفاقی ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزارت نے اس حوالے سے گزشتہ سال سے کام شروع کر رکھا تھا اور بلند کرایوں سے پیدا شدہ دبائو کا ادراک رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس اقدام سے اسٹیٹ آفس پر بوجھ میں بھی کمی آئے گی، بالخصوص اسلام آباد میں جہاں تقریباً 17 ہزار 400 سرکاری رہائشی مکانات موجود ہیں جبکہ 43 ہزار سے زائد درخواست گزار سرکاری رہائش کے منتظر ہیں۔ وزارت ہائوسنگ و ورکس اپنے ملازمین کے رہائشی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔