وزیراعظم آزاد کشمیر سےچیف آرگنائزر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ اور سیکرٹری کوآرڈینیشن کی کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات

"پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کے وفد سے ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور خواتین کے کردار سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔”

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی چیف آرگنائزر افراء شہزادی اور سیکرٹری کوآرڈینیشن مہوش سردار نےکشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران خواتین ونگ کے تنظیمی امور، آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ خواتین کے حقوق، ان کی سیاسی و سماجی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کا ویژن خواتین کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا تھا، جس پر پارٹی آج بھی عمل پیرا ہے۔وزیراعظم آ زاد کشمیر نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے انہیں ہر شعبے میں مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر امور کی انچارج فریال تالپور کی قیادت میں آزادکشمیر میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے تمام اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے خواتین ونگ کے تنظیمی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی اور عوامی رابطوں میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے۔افراء شہزادی اور مہوش سردار نے وزیراعظم کو خواتین ونگ کی تنظیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور ان کی قیادت کو سراہا۔