"پاکستان فٹبال فیڈریشن نے عدیل رزکی کو ٹیکنیکل ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے، جو ملک میں فٹبال کے تکنیکی معیار اور کھلاڑیوں کی استعداد کار بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔”
پاکستان فٹبال فیڈریشن نےعدیل رزکی کو ٹیکنیکل ڈائریکٹر مقرر کر دیا
اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے عدیل رزکی کو یکم جولائی سے ٹیکنیکل ڈائریکٹر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عدیل رزکی اس سے قبل پاکستان ویمنز نیشنل فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں جبکہ حال ہی میں انہوں نے مالدیپ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ میں پاکستان مینز نیشنل ٹیم کےاسسٹنٹ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں جہاں ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔عدیل رزکی UEFA اے لائسنس ہولڈر ہیں اور 2019 کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن کےپہلے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ہوں گے۔بطور ٹیکنیکل ڈائریکٹر وہ قومی سطح پر تکنیکی ترقیاتی پروگراموں کی قیادت کریں گے،گراس روٹ فٹبال، ویمنز فٹبال، یوتھ فٹبال، کوچ ایجوکیشن اورکھلاڑیوں کی طویل المدتی ترقی کے لیے حکمت عملی مرتب کریں گے۔ وہ کوچنگ اور تکنیکی امور پرپی ایف ایف ایگزیکٹو کمیٹی کو بھی مشاورت فراہم کریں گے۔پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے کہا کہ ٹیکنیکل ڈویلپمنٹ کسی بھی فٹبال فیڈریشن کی بنیاد ہوتی ہے اور ٹیکنیکل ڈائریکٹر اس شعبے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدیل رزکی کی تقرری پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہے۔اپنی تقرری پرعدیل رزکی نے کہا کہ وہ اس اہم ذمہ داری کو اعزاز سمجھتے ہیں اور فیڈریشن کےصدر محسن گیلانی کے اعتماد پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں جدید، پائیدار اور موثر فٹبال نظام کے قیام، کوچز کی تربیت،کھلاڑیوں کی ترقی، تکنیکی معیار میں بہتری اور ملک میں فٹبال کے روشن مستقبل کے لیے تمام متعلقہ اداروں، کلبوں، اکیڈمیوں، کوچز اورکھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکنیکل ڈائریکٹر کا منصب سنبھالنے کے بعد وہ ویمنز نیشنل ٹیم کے ہیڈ کوچ اور پی ایف ایف کانگریس کے رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں چھوڑ دیں گے تاکہ نئی ذمہ داری پر مکمل توجہ دے سکیں۔








