وزیراعظم سے امیر جماعت اسلامی کی قیادت میں وفد کی ملاقات،مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہے گی،شہبازشریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے، موجودہ بحران کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے تاہم مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہے گی

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے، موجودہ بحران کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے تاہم مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ ، سید فراست شاہ، نصر اللہ رندھاوا اور عنایت اللہ شامل تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے جماعت اسلامی کی جانب سے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔جماعت اسلامی کے وفد نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کے ریلیف کیلئے اپنے موقف کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ انہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے۔

حالیہ علاقائی صورتحال کی تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کم آمدن والے طبقے کو سہولت دینے کے لئے حکومت کی جانب سے دی گئی پٹرولیم مصنوعات میں ریلیف کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت علاقائی بحران کے حل کے لئے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہے تاکہ صورتحال معمول پر آ سکے، موجودہ بحران کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے تاہم مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔وزیراعظم نے وفد کو کم آمدن طبقے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی مد میں حکومت کی جانب سے اب تک فراہم کی گئی ریلیف کی تفصیل سے آگاہ کیا اور مطلع کیا کہ اب تک ایک کروڑ ستائس لاکھ افراد اس سکیم میں رجسٹر ہو چکے ہیں۔ ملاقات میں اتفاق ہوا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین اراکین پر مشتمل کمیٹی مندرجہ ذیل اقدامات پر حتمی سفارشات پیش کرے گی، عوام کیلئے پٹرول پر جاری ریلیف سکیم کا دائرہ کار بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق عوام اس سے فائدہ اٹھا سکیں ، پٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کیلئے بجٹ کے لئے قابل عمل تجاویز مرتب کی جائیں۔وزیراعظم نے حکومت کی طرف سے کمیٹی کیلئے نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ کو نامزد کیا ۔

مزید خبریں