اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقدار پر مبنی تعلیم کے فروغ کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم اور اخلاقیات کے درمیان توازن ناگزیر ہے، اخلاقیات اور اقدار پر مبنی فیصلے پائیدار اور بلند حوصلے کا باعث ہوتے ہیں، ہم سیاسی اور جمہوری اقدار پر عملدرآمد کرتے ہوئے اخلاقی بنیادوں پر فیصلے کرتے ہیں جس سے کامیابی حاصل …
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ”اقدار پر مبنی تعلیم“ کے بارے میں کانفرنس 2018ءسے خطاب
اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقدار پر مبنی تعلیم کے فروغ کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم اور اخلاقیات کے درمیان توازن ناگزیر ہے، اخلاقیات اور اقدار پر مبنی فیصلے پائیدار اور بلند حوصلے کا باعث ہوتے ہیں، ہم سیاسی اور جمہوری اقدار پر عملدرآمد کرتے ہوئے اخلاقی بنیادوں پر فیصلے کرتے ہیں جس سے کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ایک نجی سکول کے زیراہتمام ”اقدار پر مبنی تعلیم“ کے بارے میں کانفرنس 2018ءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور دیگر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنس کا انعقاد اہم قدم ہے، اقدار پر مبنی تعلیم وقت کی ضرورت ہے، ہم زیادہ تر اخلاقیات اور اقدار پر مبنی فیصلے کرتے ہیں جس سے حکومت کا مورال بلند ہوتا ہے اور بلند حوصلے کی حامل حکومت ہی کامیاب ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقدار پر عملدرآمد سے سیاسی کامیابی ملتی ہے اسی لئے ہم سیاسی اور جمہوری اقدار پر عملدرآمد کرتے ہیں اور اخلاقی بنیادوں پر فیصلے کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تاہم ٹاک شوز میں بعض اوقات اقدار کا خیال نہیں رکھا جاتا، اس ضمن میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔









