وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تحت مکمل اور جاری منصوبوں بارے پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔31 مئی (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے گذشتہ پانچ برسوں میں بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور شاہرات و موٹرویز کی تعمیر پر خصوصی توجہ مرکوز کی جس کے دور رس سماجی و اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے، چاروں صوبوں میں مجموعی طور پر 1750 ارب روپے کی لاگت کے منصوبے مکمل شدہ، جاری یا منصوبہ بندی و پروکیورمنٹ مراحل …

اسلام آباد ۔31 مئی (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے گذشتہ پانچ برسوں میں بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور شاہرات و موٹرویز کی تعمیر پر خصوصی توجہ مرکوز کی جس کے دور رس سماجی و اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے، چاروں صوبوں میں مجموعی طور پر 1750 ارب روپے کی لاگت کے منصوبے مکمل شدہ، جاری یا منصوبہ بندی و پروکیورمنٹ مراحل میں ہیں، سی پیک منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام ہو رہا ہے، ہم نے جو بھی منصوبے شروع کئے انہیں اپنے ہی دور میں مکمل کیا، ماضی کے بہت سے ادھورے منصوبے بھی ہم نے مکمل کئے، 60 روز میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، الیکشن بلاتاخیر 25 جولائی کو ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو وزیراعظم آفس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے تحت مکمل اور جاری منصوبوں کی تفصیلات کے حوالہ سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور این ایچ اے چیئرمین جواد رفیق ملک بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شاہرات اور موٹرویز کسی بھی ملک کی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ان کے اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور دیگر شعبوں پر نہایت دور رس اثرات مرتب ہوتے ہیں لہٰذا موجودہ حکومت نے اس کی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں موٹرویز اور سڑکوں کا جال بچھایا۔