وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، وزیراعظم ایکسپورٹ پیکیج میں تین سال توسیع کی منظوری

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم ایکسپورٹ پیکیج میں تین سال توسیع کی منظوری دےدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن (ڈی پی پی) میں محدود انسانی وسائل اور استعداد کار کے استحکام کے تناظر میں ایس آر او 1067 (1)/2017 …

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم ایکسپورٹ پیکیج میں تین سال توسیع کی منظوری دےدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن (ڈی پی پی) میں محدود انسانی وسائل اور استعداد کار کے استحکام کے تناظر میں ایس آر او 1067 (1)/2017 پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں ڈی پی پی کی جانب سے ملک کی دیگر بندرگاہوں پر ہینڈلنگ کے کام کی نگرانی کیلئے ضروری ٹیکنیکل استعداد کار کے ساتھ مطلوبہ انسانی وسائل میں اضافہ تک صرف کراچی بندرگاہ، زمینی سرحد پوسٹ ایٹ سوسٹ، چمن، طورخم، تفتان، واہگہ، پشاور اور کوئٹہ سے ایس آر او 1067 (1)/2017 کے تحت لسٹڈ مختلف اشیاءخوردونوش کی درآمد کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے وزیراعظم ایکسپورٹ پیکیج کے اثرات پر غور کیا گیا اور کہا گیا کہ مراعاتی پیکیج سے مالی سال 2018ءمیں برآمدات میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا ہے جو کہ مسلسل مالی سال 2014ءسے کمی کا شکار تھیں۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ جولائی 2017-18ءکے دوران برآمدات میں گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے، برآمدات پر مبنی پیداوار میں مسابقت اور مراعاتی سرمایہ کاری کو بہتر بنانے اور پیداوار کر برقرار رکھنے کے تناظر میں ایکسپورٹ مراعاتی پیکیج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔