وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی 7نئی وزارتوں اور ان سے منسلکہ ڈویژنوں کے قیام کی ہدایت

99

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 7نئی وزارتوں اور ان سے منسلکہ ڈویژنوں کے قیام کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ رولز آف بزنس 1973ءکے قاعدہ 3 کی شقوں کے تحت کیا گیاہے ۔بیان کے مطابق وزارت توانائی دو ڈویژنز یعنی پاور ڈویژن اور پٹرولیم ڈویژن پر مشتمل ہوگی، وزارت آبی وسائل، آبی وسائل ڈویژن پر مشتمل ہوگی۔ بجلی و پانی اور پٹرولیم و قدرتی وسائل کے موجودہ ڈویژن کے امور کار دو نئے ڈویژنوں کے درمیان تقسیم ہوں گے۔ وزارت پوسٹل سروسز ڈویژن بھی تشکیل دی گئی ہے۔ پوسٹل سروسز کی حد تک موجودہ مواصلات ڈویژن کے امور کار نئے ڈویژن کو سونپے جائیں گے جبکہ بقیہ امور کار موجودہ مواصلات ڈویژن کے پاس ہی رہیں گے۔ وزارت تجارت و ٹیکسٹائل کے دو ڈویژن کامرس ڈویژن اور ٹیکسٹائل ڈویژن ہیں۔ تجارت اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کے ان دو موجودہ ڈویژنز کے امور کار نئی وزارت کے تحت ہوں گے۔ وزیراعظم نے وزارت شماریات اور ان سے متعلق شماریات ڈویژن، وزارت نجکاری اور اس سے منسلک نجکاری ڈویژن اور وزارت انسداد منشیات اور اس سے منسلکہ نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن کے قیام کی منظوری کی ہدایت بھی کی ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق باقی رہ جانے والی وزارتوں میں وزارت خزانہ، محصولات و اقتصادی امور تین ڈویژنوں یعنی خزانہ ڈویژن، محصولات ڈویژن اوراقتصادی امور ڈویژن پر مشتمل ہو گی۔ اسی طرح وزارت داخلہ، داخلہ ڈویژن پر مشتمل ہو گی۔ اعلامیہ کے مطابق کابینہ ڈویژن کو وزیراعظم کے احکامات فوری طور پر نافذ العمل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔