لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کے باعث پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچا، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاست داؤ پر لگا کر ریاست کو بچانے کا فیصلہ کیا اور مشکل حالات میں ملک و قوم کے ساتھ کھڑی رہی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایوانِ …
وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کے باعث پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچا، خواجہ سعد رفیق

مزید خبریں
لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کے باعث پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچا، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاست داؤ پر لگا کر ریاست کو بچانے کا فیصلہ کیا اور مشکل حالات میں ملک و قوم کے ساتھ کھڑی رہی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایوانِ اقبال میں عظیم سیاسی رہنما اور جمہوریت کے علمبردار خواجہ محمد رفیق شہید کے 53ویں یومِ شہادت کے موقع پر منعقدہ قومی سیمینار بعنوان "قومی سلامتی کے تقاضے اور پائیدار جمہوری نظام کی ضرورت” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ خواجہ محمد رفیق شہید کا 53واں یومِ شہادت منایا جا رہا ہے اور گزشتہ تقریباً 48 برس سے یہ برسی مسلسل منعقد ہو رہی ہے جو لاہور کی قدیم ترین سیاسی تقاریب میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ رفیق فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام فلاحی اور امدادی سرگرمیاں بھی انجام دی جاتی ہیں اور خواجہ محمد رفیق کی زندگی آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ خواجہ محمد رفیق شہید نے تحریکِ پاکستان سے لے کر اپنی شہادت تک ہمیشہ اپنے اصولوں اور نظریات پر ثابت قدمی دکھائی۔ وہ عدم تشدد، آئین، جمہوریت اور سماجی انصاف پر یقین رکھتے تھے اور سمجھتے تھے کہ ان کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
انہوں نے اپنے نظریات کی خاطر اپنے کاروبار تک کو قربان کر دیا مگر مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے ذاتی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ 1982 میں پہلی بار جیل گئے اور اب تک 14 مرتبہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف ان کے قائد ہیں اور ان کے ساتھ ایسا رشتہ ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا جبکہ انہیں شدید تکالیف کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ خواجہ سعد رفیق نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں تاریخی کام ہو رہے ہیں جن کے اثرات اب زمینی سطح پر نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی وہ تمام قوتیں جو آئینِ پاکستان کو تسلیم کرتی ہیں اور سبز ہلالی پرچم کو سربلند رکھتی ہیں، انہیں متحد ہو کر غربت، مہنگائی، بے روزگاری، بیرونی دشمنوں اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک نئے سیاسی معاہدے اور میثاقِ معیشت کی اشد ضرورت ہے، قائد حزبِ اختلاف کی حیثیت سے شہباز شریف نے بھی یہ بات کی تھی ، آج بھی ملک کو اسی سوچ اور اتفاقِ رائے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ باہمی اختلافات میں بہت وقت ضائع ہو چکا ہے اور اب مزید وقت ضائع کرنے کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں شاندار کامیابی کے نتیجے میں عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا اور افواجِ پاکستان نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔








