وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکا اور ایران کی قیادت کو تعمیری روابط کے تسلسل اور مذاکراتی عمل سے وابستگی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے
وزیراعظم شہباز شریف کا امریکا اور ایران کی قیادت کو تعمیری روابط کے تسلسل اور مذاکراتی عمل سے وابستگی پر خراجِ تحسین
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکا اور ایران کی قیادت کو تعمیری روابط کے تسلسل اور مذاکراتی عمل سے وابستگی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے تاریخی عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار اد ا کیا جس کے نتیجہ میں مثبت اور تعمیری ماحول میں مذاکرات ہوئے اور حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی۔ وزیر اعظم نے پیرکو ’’ایکس ‘‘ پر اپنے پیغام میں بتایا کہ الحمدللہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے فریم ورک کے تحت پہلی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن سٹاک میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئے اور حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی، جس میں 60 روز کے اندر ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے روڈ میپ پر اتفاق، سیاسی نگرانی فراہم کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی کا قیام اور مزید تکنیکی مذاکرات کے آغاز کا فیصلہ شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ امریکا اور ایران دونوں ممالک کی قیادت کو تعمیری روابط کے تسلسل اور مذاکراتی عمل سے وابستگی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور تمام برادر و دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس تاریخی عمل کو آگے بڑھانے میں قیمتی تعاون فراہم کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس ضمن میں وہ بالخصوص برادر ملک قطر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے ان مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے سوئس حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے ان مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کی انتھک کاوشوں نے ان مذاکرات کو کامیابی سے ہمکنار کیا، ان کی لگن، عزم اور ثابت قدمی قابلِ ستائش ہےاور ان کی کوششوں کے بغیر یہ پیش رفت ممکن نہ تھی۔وزیراعظم نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور دفتر خارجہ کی ٹیم کو بھی سفارتی کاوشوں پر دلی مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی محنت اور کردار کو بھی سراہا جنہوں نے ان مذاکرات کی کامیابی میں نمایاں حصہ ڈالا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پائیدار امن اور دیرپا حل کے حصول کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ میں اپنا دیانتدارانہ اور مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔









