وزیراعظم شہبازشریف کاقطر کےامیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف کا قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ٹیلیفون پر باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم نے امیر قطر کو 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں اقوام متحدہ کے ساتھ مشترکہ میزبانی میں پاکستان سے متعلق موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کےحوالے سے بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

پیر کو وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد قطر کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے ہونے والے نقصان سے بحالی اور تعمیر نو کے بہت بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے اپنے محدود وسائل کو ممکنہ حد تک استعمال کیا ہے، متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے مشکل چیلنج سے نمٹنے اور مستقبل میں موسمیاتی تبدیلی کےمنفی اثرات سے بچنے کے لیے مسلسل بین الاقوامی حمایت اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے امیر قطر کو فٹ بال ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد دی جس نے کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا۔ وزیراعظم اور امیر قطر نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور بین الاقوامی امور پر بھی مختصر تبادلہ خیال کیا۔