وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ٹیلیفون پر گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ خوش اسلوبی سے آگے بڑھنے کو یقینی بنانے اور مسائل کے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر اتفاق کرتے ہوئےاس امر پر زور دیا ہے

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ خوش اسلوبی سے آگے بڑھنے کو یقینی بنانے اور مسائل کے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر اتفاق کرتے ہوئےاس امر پر زور دیا ہے کہ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف مکمل چوکس رہنا چاہیئے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نےسعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔گرمجوشی اور خیرسگالی پر مبنی اس گفتگو کے دوران وزیراعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کو تاریخی ’’اسلام آباد امن معاہدے‘‘ پر دستخط ہونے پر مبارکباد دی۔وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے سعودی ولی عہد کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر گہرے تشکر کا اظہار کیا اور اس بحران کے دوران مملکتِ سعودی عرب کی دانشمندانہ اور بصیرت افروز قیادت پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی مضبوط حمایت ہی کی بدولت ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدہ چند ہی ماہ میں طے پا سکا اور اس پر دستخط ممکن ہوئے۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم کو مبارکباد دی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کاوشوں کو سراہا، جن کے نتیجے میں امن معاہدے پر کامیابی سے دستخط ہوئے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اب یہ نہایت اہم ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ خوش اسلوبی سے آگے بڑھے اور باقی ماندہ مسائل کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جائے۔ اس سلسلے میں دونوں رہنماؤں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف مکمل چوکسی اختیار کی جائے۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی بہترین صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک ولی عہد کی سرپرستی میں جامع اقتصادی پیکیج کو حتمی شکل دے کر اس پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر شہزادہ محمد بن سلمان کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور پُرخلوص احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے اور قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا

مزید خبریں