وزیراعظم شہباز شریف کی شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل صورتحال میں سندھ حکومت کو وفاق ہرممکن مدد فراہم کرے گا۔

اتوار کو وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نےاین ڈی ایم کو صوبائی حکومتوں اور اداروں کی بھرپور معاونت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کہ نشیبی علاقوں کے عوام کی جان اور مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعظم نے وزیر اعلی سندھ کو پیغام دیا کہ مشکل صورتحال میں سندھ حکومت کو وفاق ہرممکن مدد فراہم کرے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ منتخب نمائندے متعلقہ اداروں کے ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کی موثر نگرانی کریں۔