غربت کے خاتمے اور ترقیاتی تعاون پر چین، جنوبی ایشیا فورم 30 اکتوبر کو منعقد ہوگا

چین اور جنوبی ایشیا کے درمیان غربت کے خاتمے، جامع ترقی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ’’2026 چائنا ساؤتھ ایشیا فورم آن پاورٹی ریڈکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کوآپریشن‘‘ 30 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):چین اور جنوبی ایشیا کے درمیان غربت کے خاتمے، جامع ترقی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ’’2026 چائنا ساؤتھ ایشیا فورم آن پاورٹی ریڈکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کوآپریشن‘‘ 30 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

فورم میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال بطور مہمانِ خصوصی جبکہ پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ مہمانِ کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔فورم کا موضوع ’’مشترکہ خوشحالی کے لیے ترقی کے مواقع پیدا کرنا‘‘ ہے، جس کا مقصد غربت میں کمی، پائیدار ترقی اور علاقائی شراکت داری کے فروغ کے لیے بامعنی مکالمے اور تجربات کے تبادلے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔فورم جمعہ 30 اکتوبر کو صبح ساڑھے 9 بجے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگا، جس میں پالیسی سازوں، ترقیاتی شراکت داروں، ماہرینِ تعلیم، کاروباری رہنماؤں اور میڈیا نمائندگان کی شرکت متوقع ہے۔

تقریب کے دوران چینی اور انگریزی زبان میں بیک وقت ترجمانی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔فورم کا مشترکہ اہتمام سی آئی سی جی سینٹر فار یورپ اینڈ ایشیا (چائنا پکچوریل پبلی کیشنز)، انڈرسٹینڈنگ چائنا فورم پاکستان اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پاکستان کر رہے ہیں۔فورم کے دوران غربت کے خاتمے، جامع ترقی اور علاقائی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ چین اور جنوبی ایشیا کے درمیان ترقیاتی تجربات کے تبادلے اور مشترکہ خوشحالی کے لیے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔یہ فورم غربت میں کمی، ترقیاتی شراکت داری کے فروغ اور خطے میں مشترکہ خوشحالی کے لیے باہمی تعاون کے نئے مواقع پر غور کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔