وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کشمیر کے یومِ سیاہ کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا،پروفیسر احسن اقبال

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کشمیر کے یومِ سیاہ کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام دہائیوں سے مشکلات اور مصائب کا سامنا کر رہے ہیں، ان مشکلات کے پیچھے ایسے خاندان ہیں جو اپنے پیاروں کی جدائی کا غم سہہ رہے ہیں، ایسے بچے ہیں جو خوف کے ماحول میں پرورش پا رہے ہیں اور ایسی نسلیں ہیں جو آج بھی انصاف کی منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آواز عالمی سطح پر سنی جانی چاہیے، ان کے بنیادی وقار کا تحفظ اور ان کی امنگوں کا احترام کیا جانا چاہیے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کشمیری عوام کے جذبات و خواہشات کو مدنظر رکھنا ناگزیر ہے۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے وقار، انصاف اور حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی جائز امنگوں کے احترام اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری کی توجہ اور کردار اہمیت کا حامل ہے۔






