اسلام آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فون پر کورونا وائرس (کوویڈ 19) سے متعلق چیلنجوں، عالمی معیشت پر اس کے اثرات کو کم کرنے سے متعلق معاملات پر بدھ کو تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے علاقائی امور اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے …
وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹیلی فون پر رابطہ ،کورونا وائرس سے متعلق چیلنجز،پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فون پر کورونا وائرس (کوویڈ 19) سے متعلق چیلنجوں، عالمی معیشت پر اس کے اثرات کو کم کرنے سے متعلق معاملات پر بدھ کو تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے علاقائی امور اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان پر امریکی صدر کے ساتھ اظہار ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں بھی انہیں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو کورونا وائرس پر قابو پانے اور لاک ڈاﺅن کی وجہ سے بھوک سے ملک کے بالخصوص کمزور ترین طبقات اور لوگوں کو بچانے کے دوہرے چیلنج کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے متاثرہ افراد اور کاروبار میں مدد دینے کے لئے 8 ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے۔ آئی ایم ایف اور دیگر فورمز پر امریکہ کی طرف سے حمایت پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس سے پاکستان کو ضروری مالی فائدہ اور کورونا وائرس کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لئے قرضے میں ریلیف سے متعلق عالمی اقدام کے لئے ان کی اپیل اسی تناظر میں ہے۔ علاقائی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے ایک پر امن اور مستحکم افغانستان اور سیاسی حل کی اہمیت کے لئے پاکستان کی بھرپور حمایت کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے افغان امن عمل میں سہولت دینے کے لئے پاکستان کے تعاون کا عزم بھی دہرایا اور بین الافغان مذاکرات فوری شروع کرنے کے لئے اگلا قدم اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کی ٹیلی فون کال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کوششوں میں امریکہ کی طرف سے حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے وینٹی لیٹرز کی دستیابی یقینی بنانے اور اقتصادی معاملات سمیت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کوششوں میں پاکستان کو امریکہ کی مدد کی بھی یقین دہانی کرائی۔ صدر ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کے ٹیسٹ کے حوالے سے وزیراعظم کو کوویڈ 19 کے لئے تیزی سے ٹیسٹ کرنے والی جدید ترین مشین بھجوانے کی بھی پیشکش کی۔ وزیراعظم نے اس جذبے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔








