اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن و مصالحتی عمل میں سہولت دینے کیلئے امریکہ اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ وہ امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان مصالحتی عمل سفیر زلمے خلیل زاد کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے خیر سگالی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کے حصول کی کوششوں میں دلچسپی اور ان کی حمایت کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر پیداہونے والے اتفاق رائے پر اطمینان کا اظہار کیا۔