وزیراعظم عمران خان کا ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب

99

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں میں آئی ٹی کے شعبے میں بے انتہا صلاحیت موجود ہے،اس شعبہ کے فروغ سے نہ صرف نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد ملے گی اور نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ اس سے ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا،آئی ٹی شعبہ کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیرِاعظم عمران خان نے اس بات کا اظہار ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالہ سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سیّد امین الحق، وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وزیرِ صنعت محمد حماد اظہر، مشیران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹر عشرت حسین، عبدالرزاق داو¿د، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، وفاقی سیکرٹریز، چیئرمین ایف بی آر، گورنر سٹیٹ بینک اور آئی ٹی سیکٹر سے تعلق رکھنے والی مختلف کمپنیوں کے نمائندگان شریک تھے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیرِاعظم کو آئی ٹی سیکٹر کا ملکی معیشت میں کردار، شعبے میں ملکی برآمدات اور شعبے کے فروغ کے حوالے سے درپیش رکاوٹوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کی ہدایات کی روشنی میں سٹیٹ بینک کی جانب سے فری لانسرز کے معاوضہ کی حد 5 ہزار ڈالر ماہانہ سے بڑھا کر 25 ہزار ڈالر کر دی گئی ہے۔ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے صنعت اور شعبہ سے متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے روابط کا مربوط نظام وضع کیا گیا ہے۔ رائٹ آف وے پالیسی حتمی مراحل میں ہے جسے بہت جلد کابینہ میں منظوری کے لئے پیش کر دیا جائے گا۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ مالی سال 2019-20ءمیں آئی ٹی سروسز کی مد میں برآمدات 1.23 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ اس سے پہلے 995 ملین ڈالر تھیں۔ اس ضمن میں 23.7 فیصد کا اضافہ سامنے آیا ہے۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ وزارت کی جانب سے آئی ٹی شعبہ کے حوالہ سے آئندہ تین سالوں کے لئے 5 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئی ٹی سیکٹر کے حوالے سے ٹیکس میں کمی لانے کی تجاویز پر کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی سفارت خانوں کی معاونت سے آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ مارکیٹ کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کے آئی ٹی کے حوالے سے سکل ٹریننگ پروگرام کا اجراءکیا گیا۔ تعلیمی اداروں، صنعتی شعبے اور حکومتی اداروں کے درمیان موثر ربط کے لئے پورٹل تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ڈیجی سکلز ٹریننگ پروگرام کے تحت بارہ لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی جا چکی ہے۔ شعبے سے منسلک افراد کی حوصلہ افزائی کے لئے آئی ٹی ایکسپورٹ ایوارڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد میں آئی ٹی پارک بن چکا ہے جبکہ کراچی میں آئی ٹی پارک کے قیام کا منصوبہ منظوری کے مراحل میں ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پانچ نیشنل انکیوبیشن سنٹرز سے 159 سٹارٹ اپس اپنی تربیت مکمل کر چکے ہیں۔ اجلاس میں موجود مختلف آئی ٹی کمپنیوں کے نمائندگان نے شعبہ کے فروغ کے لئے تجاویز پیش کیں۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے نوجوانوں میں آئی ٹی کے شعبے میں بے انتہا صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ کے فروغ سے نہ صرف نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو برو¿ے کار لانے میں مدد ملے گی اور نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ اس سے ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا۔ وزیرِاعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی ٹی شعبہ کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیرِاعظم نے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ آئی ٹی سیکٹر سے وابستہ کمپنیوں کو ٹیکس کے حوالے سے درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پرجائزہ لیکر ان کے حل کو یقینی بنایا جائے، وزیرِاعظم نے بڑے شہروں میں آئی ٹی کلسٹرز بنانے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقین کو ہدایت کی کہ اس تجویز کو حتمی شکل دی جائے۔